عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ امتیاز نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے

ہفتہ 23 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رکن عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ امتیاز نے عام انتخابات کے لیے سیالکوٹ میں کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے ہیں۔ ریحانہ امتیاز الدین ڈار قومی اسمبلی کے حلقے این اے 71 اور صوبائی اسمبلی پی پی 47 سے الیکشن لڑیں گی۔

عثمان ڈار کی والدہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ سیالکوٹ سے خواجہ آصف کے خلاف الیکشن لڑیں گی، جس پر گزشتہ روز انہوں نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا کہ وہ خواجہ آصف کے خلاف کاغذات نامزدگی جمع کرانے جا رہی ہیں جس پر بعد میں ایک اور ویڈیو جاری کی گئی کہ ان کے گھر کو پولیس نے گھیرے میں لے رکھا ہے، تاکہ وہ کاغذات جمع نہ کرا سکیں۔

کچھ روز قبل بھی عثمان ڈار کی والدہ نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں انہوں نے سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف پر اپنے گھر پر حملہ کروانے کا الزام عائد کیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ یہ ظلم کی انتہا ہے، کہ نہتی عورتوں پر حملے کروائے جا رہے ہیں، جس پر تشدد کی آڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ میرے گھر کا دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہوئے، انہوں نے مجھے زدو کوب کیا، میرے سر سے چادر اتاری، میرے بال کھینچے، اس کی آڈیو بھی انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے الیکشن کے کاغذات جمع کروانے جانا ہے، یہ میرے دل کی آواز ہے، میں نے حدیث و قرآن کے مطابق فیصلہ کیا ہے، کوئی مجھے ٹارچر کر کے اپنی من مانی نہیں کروا سکتا، میرے گھر پر انہوں نے میری قمیض کو پھاڑ ڈالا۔

انہوں نے خواجہ آصف کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ میرے گھر کو بلڈوزر سے ڈھیر کروا دو اور پھر میدان میں آؤ اور دیکھو میں تمہارے شیر کا کیا حشر کرتی ہوں، مجھے ہتھکڑیاں لگاؤ تب بھی کاغذات نامزدگی جمع کرواؤں گی، میں جیل میں بھی الیکشن لڑوں گی۔

والدہ عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ یہ میرا پیغام ہے خواجہ آصف کو اور شہر سیالکوٹ کے عوام کو، آپ نے میرے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا سن کر 20 پولیس کے افسران کو آدھی رات کو میرے گھر پر بھیج دیا، میں چیف جسٹس صاحب سے انصاف چاہتی ہوں۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا تھا کہ عثمان ڈار کے گھر پر چھاپہ اشتہاری ملزم عمر ڈار کی گرفتاری کے لیے قانونی طریقے سے مارا گیا۔

واضح رہے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے تحریک انصاف کے سابق رہنما عثمان ڈار کی والدہ کے بیان پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جن باتوں کی بنیاد اور صداقت نہیں، مناسب نہیں ان باتوں کا بار بار جواب دوں۔

انہوں نے کہا کہ میں ایک سیاسی ورکر ہوں اور میں ان باتوں پر یقین نہیں رکھتا، پہلے واقعے پر میں نے میڈیا پر بڑے خلوص سے کہا تھا وہ میری بہن ہیں اور گھر جانے کے لیے تیار ہوں۔

خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ اگر وہ چاہتے ہیں ناکردہ گناہ کی معافی مانگوں تو ویسے ہی ان سے معافی مانگ لیتا ہوں، سی سی ٹی وی سامنے لائیں، زیادتی ہوئی ہے تو میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔

واضح رہے تحریک انصاف کے سابق رہنما عثمان ڈار کی والدہ نے کہا ہے کہ میرے گھر پر توڑ پھوڑ اور ہراساں کرنے کا فائدہ خواجہ آصف کو تھا۔ یہ عوام کے سامنے معافی مانگ کر صرف عوام کو گمراہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف میرے گھر آتے تو معاف کردیتی کیونکہ اللّٰہ معاف کرنے والوں کو پسند کرتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp