سندھ میں مجموعی طور پر 8840 کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے،الیکشن کمشنر سندھ

پیر 25 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمشنر سندھ شریف اللہ نے کہا ہے کہ سندھ میں مجموعی طور پر 8840 کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے۔ سندھ سے قومی اسمبلی کی 61 جنرل نشستوں کے لیے 2555 فارم جمع ہوئے جبکہ سندھ اسمبلی کی 130 جنرل نشستوں کے لیے 6585 فارم جمع کروائے گئے ہیں۔

الیکشن کمشنر سندھ نے کراچی سے جاری اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 30 دسمبر تک جاری رہے گی۔ تمام امیدوار ضابطہ اخلاق پر عمل در آمد کو یقینی بنائیں۔ پُرامن اور شفاف انتخابات کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔

سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کو بینرز چھاپنے کی ہدایات جاری

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمےداری ادا کرنے کے لیے مکمل تیار ہے۔ انتخابات کے آزادانہ، منصفانہ، غیرجانبدارانہ انعقاد کے لیے پرعزم ہیں۔ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے تمام سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کو بینرز چھاپنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

الیکشن کمیشن ہدایت نامہ کے مطابق مقررہ سائز سے بڑے پوسٹرز، پمفلٹ یا بینرز کی اجازت نہیں ہوگی۔ پوسٹرز کی لمبائی 18 انچ اور چوڑائی 23 انچ سے زیادہ نہ ہو، ہینڈ بل، پمفلٹ اور کتابچے 9 انچ لمبے اور 6 انچ چوڑے ہوسکتے ہیں۔ بینرز 3 فٹ لمبا اور 9 انچ سے زیادہ بڑا نہیں ہونا چاہئے۔ پورٹریٹ تصویر 2 فٹ لمبی اور 3 فٹ چوڑی ہوسکتی ہے۔

ہر اشتہاری مواد پر پبلشر کا نام اور پتا لکھنا لازم ہے، قرآنی آیات سمیت مذہبی مواد کی طباعت غیرقانونی ہے۔ہورڈنگز، بل بورڈز، وال چاکنگ اور پینافلیکس پر مکمل پابندی ہوگی۔ الیکشن مہم میں سرکاری اہلکار کی تصویر لگانا غیر قانونی ہوگا۔ خلاف ورزی پر امیدواروں کے ساتھ پبلشر کیخلاف بھی کارروائی ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp