جیسے یسوع مسیح کے ساتھ ظلم ہوا ویسے ہی فلسطینیوں کے ساتھ ہو رہا ہے، امریکی سیاستدان اوکاسیو کورٹیز

منگل 26 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی سیاست دان الگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز نے کہا کہ فلسطینیوں کے ساتھ ویسا ہی ظلم ہو رہا ہے جو یسوع مسیح کے ساتھ ہوا تھا، کرسمس کی کہانی میں بھی یہی بات سامنے آتی ہے کہ یسوع مسیح اس دور میں پیدا ہوئے تھے جس دور میں  ظلم و ستم کا طوفان گرم تھا، جیسے اسرائیل نے فلسطینیوں پر کر رکھا ہے، اور مسیح قتل عام میں مصروف حکومت کے لیے ایک خطرے کے طور پر پیدا ہوئے تھے۔

نیویارک پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکی کانگرس کی خاتون رکن الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز کو حال ہی میں کرسمس کے بارے میں ایک انسٹاگرام اسٹوری شیئر کرنے کے بعد انٹرنیٹ پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یسوع مسیح جدید دور کے فلسطین میں پیدا ہوئے تھے، جو اس وقت اسرائیل کے زیر تسلط ہے۔

کرسمس کے موقع پر اوکاسیو کورٹیز نے غزہ کی پٹی میں ملبے کے ڈھیر کے درمیان ایک بچے کی تصویر پوسٹ کی اور کہا کہ وہ غزہ اور مقبوضہ علاقوں میں امن اور بے گناہوں کے تحفظ کے لیے دعا کر رہی ہیں۔

انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ کرسمس کی کہانی میں مسیح جدید دور کے فلسطین میں بے گناہوں کے قتل عام میں مصروف حکومت کے خطرے کے تحت پیدا ہوئے تھے۔ وہ ایک غیر منصفانہ رہنما کے اقتدار کو بچانے کے لیے اندھا دھند مارے جانے والے ہدف آبادی کا حصہ تھے۔ مریم اور جوزف، تشدد سے بے گھر ہوئے اور ایک نوزائیدہ بچے کے ساتھ بھاگنے پر مجبور ہوئے، اس انتظار میں کہ ایک دن گھر واپسی ہوگی، وہ مصر میں پناہ گزین بن گئے تھے۔

’ہزاروں سال بعد، دائیں بازو کی قوتیں بیت المقدس پر پرتشدد طور پر قبضہ کر رہی ہیں جیسا کہ آج کے فلسطینیوں کے لیے بھی ایسی ہی کہانیاں سامنے آرہی ہیں، اس قدر کہ بیت لحم میں عیسائی برادری نے اس سال کرسمس کی تقریبات کو (اپنی حفاظت اور احترام کے خوف سے) منسوخ کر دیا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ آج بھی بچے ناقابل بیان تشدد کی جگہ پر پیدا ہو رہے ہیں، ایسے حالات میں پیدا ہونے والے بچے خاص طور پر غزہ کے بچے مقدس ہیں۔ یہ تہوار پسماندہ اور بے سہارا لوگوں کے ساتھ کھڑے ہونے کے بارے میں ہے۔ کرسمس اور خود مسیح کی پوری کہانی غریبوں، بے اختیار، اور پسماندہ پناہ گزینوں اور تارکین وطن کے ساتھ کھڑے ہونے کے بارے میں ہے۔

ڈیموکریٹ سیاست دان نے مزید کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ جلد از جلد یہ معاملہ حل ہو، مظلوم اور نہتے لوگوں کا قتل عام بند ہو اور امن کی فضا قائم ہو جو سب کے لیے قابل قبول ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp