الیکشن کمیشن آئی جی اور ڈی سی اسلام آباد کو ہٹانے کے فیصلے پر نظر ثانی کرے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن

منگل 26 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے آئی جی اکبر ناصر خان اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کو عہدے سے ہٹانے کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کی درخواست کی ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان میں آئی جی، ڈی سی اسلام آباد کو ہٹانے کے معاملے کی سماعت ہوئی، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے سماعت کی، سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ آئی جی، ڈی سی کے معاملے کی پیشرفت ہے کہ وزارت داخلہ نے انٹیلی جنس بیورو کی جانب سے دہشت گردی کے واقعات کی رپورٹ جاری کی ہے، اسلام آباد میں امن و امان کے حوالے سے بھی رپورٹ ہے۔

سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نےآئی جی اور ڈی سی اسلام آباد کے تبادلے کے لیے اجازت دے دی ہے۔لیکن وزارت داخلہ نےکہا ہے ان دونوں افسران کو برقرار رکھا جائے، الیکشن کمیشن افسران کے حوالے سے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کی درخواست پر چیف الیکشن کمیشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا کہ وزارت داخلہ کی رپورٹ کو ہم دیکھ لیں گے، آپ کل تک دونوں عہدوں کے لیے پینل دیکھیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے گزشتہ روز آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان اور ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن گزشتہ کئی ماہ سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو اسلام آباد پولیس کے آئی جی اور ڈپٹی کمشنر کو ہٹانے کے احکامات جاری کر رہا تھا لیکن کئی مرتبہ مراسلے لکھے جانے کے باوجود ان پر عمل نہیں کیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp