الیکشن 2024 : نواز شریف سمیت متعدد اہم شخصیات کے کاغذات نامزدگی منظور

منگل 26 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم نواز شریف کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 کے لیے کاغذات نامزدگی منظور ہو گئے ہیں۔

پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے امیدواروں کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے این اے 130 لاہور کے لیے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے ہیں۔

سابق صدر آصف زرداری کے نوابشاہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207 سے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے ہیں، این اے 243 سے پی پی کے امیدوار عبدالقادر پٹیل کے فارم بھی منظور ہو گئے ہیں۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور ن لیگی رہنما ایاز صادق کے لاہور کے حلقے این اے 121 کے لیے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی  منظور کر لیے گئے ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے این اے 118 سے کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل کر لی گئی۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 56 سے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید اور سابق ضلعی ناظم طارق محبوب کیانی کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں۔

تحریک انصاف کے روپوش رہنما حماد اظہر نے تصدیق کی ہے کہ حلقہ این اے 129 سے ان کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر تصدیق کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ 129 سے ان کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پرتال ہوئی، اور انہیں منظور کر لیا گیا۔

دوسری جانب این اے 128 اور این اے 123 سے جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ کے کاغذات منظور ہوئے ہیں، عوامی مسلم لیگ کے رہنما راشد شفیق کے پی پی 19 سے کاغذات منظور کیے گئے ہیں۔

قومی اسمبلی کی مخصوص نشست پرمریم اورنگزیب، حنا ربانی کھر سمیت لیگی رہنما شائستہ پرویز جب کہ صوبائی مخصوص نشستوں پرعظمی بخاری،حنا پرویز بٹ اور ذکیہ شاہنواز کے کاغذات منظور کرلیے گئے ہیں۔

پی ٹی آئی کے سردار لطیف کھوسہ کے این اے 127 سے کاغزات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد منظور کرلیے گئے ہیں جبکہ ایم کیو ایم کے امین الحق کے این اے 246 اوراحسن غوری کے کاغذات نامزدگی این اے 90 سے منظور ہوئے ہیں۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 سے آزاد امیدوار چودھری نثار علی خان کے کاغذات نامزدگی منظورکر لیے گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp