سردی کی شدت میں اضافہ اور گیس کی کھپت بڑھ جانے کے باعث گیس کے پریشر میں کمی کی وجہ سے بعض مقامات پرکچھ صارفین نے اپنے گھروں اور کاروباری جگہوں پر گیس کے پریشرکو بڑھانے کے لیے غیر قانونی طریقے سے کمپریسر سمیت دیگرناجائز طریقوں کا استعمال شروع کر دیا ہے جس پر سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے تنبیہ جاری کی ہے۔
سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے فیصل آباد کے ترجمان نے مذکورہ طریقوں کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے عوام کو اس سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
کمپریسر کیوں خطرناک ہے؟
ترجمان نے کہا ہے کہ اپنے طور پر گیس پریشر بڑھانا انتہائی خطرناک اورغیرقانونی ہے کیونکہ نصب شدہ گیس پائپ لائن بڑھایا ہوا گیس پریشر برداشت نہیں کر سکتی اور اس سے کسی بھی جگہ لیکیج ہونے کا شدید خطرہ ہے جو انسانی جانی و مالی نقصان کا باعث بھی بن سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ سوئی گیس نے اچانک چیکنگ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے لہٰذا اگر کسی جگہ پر ناجائز طریقوں سے گیس کا پریشر بڑھانا پایا گیا تو متعلقہ صارف کا گیس کنکشن منقطع کر دیا جائے گا۔
ترجمان نے گھریلو وکمرشل صارفین کو ہدایت کی کہ اگر کسی نے گیس پریشر بڑھایا ہوا ہے تو وہ اپنے تحفظ کے لیے اسے فوری طور پر ختم کر دیں ورنہ دوران چیکنگ پکڑے جانے پر ان کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔