الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بعض ٹی وی چینلز پر پنجاب کے صوبائی الیکشن کمیشن کے ترجمان سے منسوب اس خبر کی تردید کی ہے جس کے مطابق الیکشن کمیشن نے نیب، ایف بی آر اور دیگر متعلقہ اداروں کی رپورٹس آنے کے بعد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کرنے کا اہم فیصلہ کر لیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ یہ خبر من گھڑت ہے اور کمیشن نے ایسا کوئی فیصلہ جاری نہیں کیا۔
مزید پڑھیں
ترجمان کے مطابق میڈیا کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر منظور یا مسترد شدہ کاغذات نامزدگی کے اعداد و شمار فراہم کیے جانے کے مطالبہ پر انہیں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے دفتر سے بتایا گیا کہ کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کا عمل 30 دسمبر تک جاری رہے گا۔
ترجمان نے واضح کیا کہ کاغذات کی اسکروٹنی کے بعد منظور شدہ کاغذات نامزدگی کے حامل امیدواروں کی فہرست آویزاں کر دی جائے گی۔
واضح رہے کہ میڈیا پر خبریں سامنے آئی تھیں کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف سمیت اہم سیاسی رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں۔