سندھ ہائیکورٹ نے فردوس شمیم نقوی کی رہائشگاہ کو سب جیل قرار دیے جانے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا

منگل 26 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 سندھ ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کی نظربندی کا محکمہ داخلہ سندھ کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔

فردوس شمیم نقوی نے کاغذات نامزدگی واپس لینے کے لیے ان پر مبینہ طور پر دباؤ ڈالے جانے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے ان کے گھر کو سب جیل قرار دینے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔
درخواست گزار کے وکیل جبران ناصر ہیں۔ درخواست میں فردوس شمیم نقوی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 21 دسمبر کو کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے اگلے ہی روز انہیں ’ہاؤس اریسٹ‘ کردیا گیا۔

فردوس شمیم نقوی نے درخواست میں کہا کہ پہلے کچھ لوگ میرے دفتر پھر میرے گھر آئے اور کہا کہ اینٹی کرپشن سے ہیں کاغذات نامزدگی واپس لیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں دھمکایا جا رہا ہے کہ اگر وہ انتخابات سے دستبردار نہ ہوئے تو انہیں جیل بھیج دیا جائے گا یا غائب کردیا جائے گا۔

وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ جو لوگ ان کے مؤکل کے گھر گئے تھے ان کی تصاویر بھی درخواست کے ساتھ منسلک کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ فردوس شمیم نقوی کو آر او کے سامنے پیش ہونے دیا جائے۔

عدالت نے محکمہ داخلہ کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا اور ان کے خلاف عدالتی احکامات کے بغیر کسی بھی کارروائی سے روک دیا۔ عدالت نے سندھ حکومت اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کردیے۔ عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 4 جنوری تک ملتوی کردی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp