پیپلز پارٹی اور ق لیگ کے سابق رہنما فیصل صالح حیات مسلم لیگ ن میں شامل

بدھ 27 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیر داخلہ مخدوم فیصل صالح حیات نئی سیاسی منزل طے کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع جھنگ سے تعلق رکھنے والے فیصل صالح حیات کی ن لیگ میں شمولیت کا باضابطہ اعلان آج کیا جائے گا۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اس سلسلے میں آج شاہ جیونہ جائیں گے جہاں مخدوم فیصل صالح حیات نے ان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام بھی کیا ہے۔

واضح رہے کہ مخدوم فیصل حیات ایک طویل عرصہ تک پاکستان پیپلزپارٹی کا حصہ رہے۔ ان کا شمار سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کے انتہائی قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ فیصل صالح حیات نے جنرل پرویز مشرف کے دور حکومت میں پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ فیصل صالح حیات طویل عرصہ تک پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر بھی رہے۔

فیصل صالح حیات 2017ء میں دوبارہ پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے تھے، انہوں نے 2018 میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر جھنگ سے الیکشن بھی لڑا تھا تاہم انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے فیصل صالح حیات کے بعد سابق وفاقی وزیرسلیم سیف اللہ سے بھی رابطہ کیا گیا ہے اور انہیں بھی پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp