پشاور یونیورسٹی میں سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے یونیورسٹی کا سکیورٹی انچارج جاں بحق ہو گیا۔ یونیورسٹی کمپیس میں تین ہفتے کے دوران فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
پولیس نےکیمپس میں فائرنگ اور سیکیورٹی انچارج کے جان بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔
واقعہ کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا لیکن پولیس نے ملزم کی شناخت کر لی ہے۔ پولیس نے مقتول کی شناخت ثقلین بنگش کے نام سے کی ہے۔
ہاؤس اسٹیشن افسر کمپیس تھانہ داؤد خان کے مطابق ابتدائی اطلاعات سے معلوم ہوا ہے کہ گولی غیرارادی طور پر چلی ہے تاہم پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق عینی شاہدین نے انہیں بتایا ہے کہ ثقلین بنگش نے گارڈز کے ساتھ چائے پی جس کے بعد وہ نکل رہے تھے کہ گولی چلنے کی آواز سنائی دی۔
واقعہ کے فورا بعد زخمی انچارچ کو خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
خیبر ٹیچنگ اسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ زخمی کو نازک حالت میں لایا گیا تھا انہیں پسلی میں ایک گولی لگی تھی۔
یونیورسٹی کمپس میں تین ہفتوں میں فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے پہلے 19 فروری کو ایک سکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کرکے اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے شعبہ انگریزی کے لیکچرار کو قتل کر دیا تھا۔