سینچورین ٹیسٹ: جنوبی افریقی بولرز کا قہر، بھارت کو بدترین شکست دے دی

جمعرات 28 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل فریڈم ٹرافی کا پہلا ٹیسٹ میچ سپر اسپورٹس پارک سینچورین میں کھیلا گیا۔

پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن جنوبی افریقہ نے بھارت کو ایک اننگز اور 32 رنز سے بد ترین شکست دے دی۔

فریڈم ٹرافی کے پہلے میچ میں میزبان جنوبی افریقہ نے بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارتی ٹیم نے پہلی اننگز میں 245 رنز بنائے جس کے جواب میں جنوبی افریقہ نے 408 رنز بنائے اور مجموعی طور پر 163 رنز کی مجموعی برتری حاصل کی۔

بھارتی ٹیم نے دوسری اننگز میں بیٹنگ شروع کی تو آغاز سے ہی ان کے قدم ڈگمگا گئے اور پوری ٹیم محض 131 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی نے سب سے زیادہ 76 رنز بنائے۔ پوری بھارتی ٹیم میں صرف 2 کھلاڑی ہی ڈبل فگر میں داخل ہو سکے، جبکہ کپتان روہت شرما سمیت 4 کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

جنوبی افریقی فاسٹ بولرز پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی بھارتی ٹیم کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے، ناندرے برگر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مارکو جینسن نے 3 اور کگیسو ربادا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

 

بھارت کی پہلی اننگز

بھارت نے پہلی اننگز میں 245 رنز بنائے، کے ایل راہول 101 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز

جنوبی افریقہ کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 408 رنز بنائے، ان کی جانب سے ڈین ایلگر نے شاندار 185 رنز کی اننگز کھیلی۔

بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں۔

بھارت کی دوسری اننگز

دوسری اننگز میں پوری بھارتی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور جنوبی افریقہ کی برتری کو بھی ختم نہ کر سکی، محض 131 کے مجموعی اسکور پر پوری ٹیم پویلین واپس چلی گئی۔

جنوبی افریقہ کی جانب ڈے ناندرے برگر نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مین آف دی میچ

جنوبی افریقہ کے مڈل آراڈر بیٹر ڈین ایلگر کو 185 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔

جنوبی افریقہ نے بھارت کو ایک اننگز اور 32 رنز سے شکست دے کر دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ دونوں ٹمیوں کے درمیان سیریز کا دوسرامیچ 3 جنوری سے کیپ ٹاؤن میں شروع ہو گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp