کوڈ لیور آئل کیا ہے، آپ کی صحت کے لیے کیوں ضروری ہے؟

جمعہ 29 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عام مچھلی کے تیل کی طرح کوڈ لیور آئل بھی اومیگا 3 سے بھرپور ہوتا ہے تاہم اس میں وٹامن اے اور ڈی کی بھی خاصی مقدار پائی جاتی ہے جو انسانی صحت کے لیے انتہائی مفید تصور کیے جاتے ہیں۔

مچھلی کا تیل عموماً تیل والی مچھلیوں جیسے ٹونا، ہیرنگ، اینکوویز اور میکریل سے نکالا جاتا ہے لیکن کوڈ لیور آئل اٹلانٹک کوڈ کے جگر سے نکالا جاتا ہے جو بحر اوقیانوس کے سرد اور گہرے پانیوں میں پائی جانے والی ایک خاص مچھلی ہے۔

آئیے! کوڈ لیور آئل کے سائنسی طور پر ثابت شدہ 9 اہم فوائد پر ایک نظر ڈالتے ہیں:

وٹامن اے اور ڈی سے بھرپور

کوڈ لیور کا تیل صدیوں سے جوڑوں کے درد اور بچوں میں ہڈیوں کی کمزوری یا رکٹس کے علاج کے لیے استعمال ہوتا رہا ہے۔ کوڈ لیور آئل نا قابل یقین حد تک غذائیت سے بھرپور ہے جو آپ کی روزانہ کی تقریباً تمام وٹامنز بالخصوص اے اور ڈی کی ضروریات پوری کرتا ہے۔

وٹامن اے جسم میں کئی اہم امور سرانجام دیتا ہے، یہ آنکھوں، دماغی صحت اور جلد کے لیے انتہائی مفید ہے۔ اسی طرح وٹامن ڈی بھی جسم میں کیلشیم کی مقدار کو ریگولیٹ کرکے ہڈیوں کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

سوزش میں کمی

سوزش ایک قدرتی عمل ہے جو جسم کو انفیکشن سے لڑنے اور زخموں کو ٹھیک کرنے میں مدد دیتا ہے۔ بدقسمتی سے، بعض صورتوں میں جسم میں سوزش کم سطح پر طویل عرصہ تک جاری رہ سکتی ہے۔ اسے دائمی سوزش کے طور پر جانا جاتا ہے جو ہائی بلڈ پریشر اور امراض قلب سمیت دیگر کئی بیماریوں کا باعث بن سکتی ہے۔

کوڈ لیور آئل میں موجود اومیگا 3 فیٹی ایسڈ سوزش کی وجہ بننے والے پروٹین کو دبا کر دائمی سوزش کو کم کر سکتے ہیں۔ جبکہ وٹامن اے اور ڈی طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس ہوتے ہیں جو خطرناک عناصر کو بے اثر کرکے سوزش کو کم کرسکتے ہیں۔ مطالعے سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ وٹامن اے اور ڈی کی کمی والے افراد کو دائمی سوزش کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

ہڈیوں کی مضبوطی

بڑھتی عمر کے ساتھ ہڈیوں کی صحت کو برقرار رکھنا بھی نہایت ضروری ہے۔ 40 سال کی عمر کے بعد انسان کی ہڈیوں کا وزن کم ہونا شروع ہوجاتا ہے، جو بعد میں فریکچر کا باعث بھی بنتا ہے۔

کوڈ لیور آئل میں پایا جانے والا وٹامن ڈی بڑھتی عمر کے باعث ہڈیوں کو پہنچنے والے نقصان کو کم کرنے اور ان کو مضبوط بنانے میں مدد دیتا ہے۔ خط استوا سے دور رہنے والے لوگوں کے لیے یہ خاص طور پر اہم ہے۔

جوڑوں کے درد میں کمی

رمیوٹائیڈ آرتھرائٹس یا گٹھیا کی بیماری کا مجموعی طور پر جسم پر اثر پڑتا ہے اور یہ جوڑوں کے درد کا بھی باعث بنتی ہے ۔ اس کا فی الوقت کوئی علاج نہیں ہے لیکن تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ کوڈ لیور رمیوٹائیڈ آرتھرائٹس کی جوڑوں کی اکڑن اور سوجن جیسی علامات کو دور کر سکتا ہے جوڑوں کے درد کو کم کرتا ہے۔

بینائی کو بہتر بنائے

دنیا بھر میں 285 ملین سے زیادہ افراد بینائی کی کمزوری کا شکار ہیں۔ لوگوں کی بینائی سے محروم ہونے کی بہت سی وجوہات ہیں جن میں دو بیماریاں کالا موتیا اور میکولر ڈیجنریشن جیس بیماریاں اہم ہیں۔ یہ دونوں بیماریاں دائمی سوزش کا نتیجہ ہو سکتی ہیں۔

تاہم، کوڈ لیور آئل میں موجود اومیگا 3 فیٹی ایسڈز اور وٹامن اے سوزش کی وجہ سے پیدا ہونے والی آنکھوں کی بیماری سے بچاؤ میں مدد دیتا ہے۔

دل کی بیماریوں سے بچاؤ

دنیا بھر میں اموات کی سب سے بڑی وجہ دل کی بیماریاں ہیں جو ہر سال 17.5 ملین سے زیادہ افراد کو متاثر کرتی ہیں۔ تحقیق کے مطابق، جو لوگ باقاعدگی سے مچھلی کھاتے ہیں ان میں دل کی بیماری کا خطرہ بہت کم ہوتا ہے کیونکہ مچھلی میں اومیگا 3 فیٹی ایسڈز  پائے جاتے ہیں۔

اومیگا 3 بلڈ پریشر خصوصاً ہائی بلڈ پریشر اور ہائی کولیسٹرول لیول کو کم کرتے ہیں جن کا تعلق دل کی بیماریوں سے ہے۔

بے چینی اور ذہنی دباؤ میں کمی

بے چینی اور ذہنی دباؤ عام بیماریاں ہیں جو مجموعی طور پر دنیا بھر میں 615 ملین سے زیادہ لوگوں کو متاثر کرتی ہیں۔ تحقیق کے مطابق دائمی سوزش، بے چینی اور ڈپریشن کے درمیان ممکنہ طور پر تعلق ہوسکتا ہے۔

مطالعے سے پتہ چلتا ہے کہ کوڈ لیور آئل میں اومیگا 3 سوزش کو کم کرکے بے چینی اور ڈپریشن کی علامات کو کم کر سکتے ہیں۔

پیٹ اور آنتوں کے السر میں کمی

پیٹ یا آنتوں کا السر درد اور تکلیف کی علامات کا سبب بن سکتے ہیں۔ یہ علامات اکثر بیکٹیریل انفیکشن، تمباکو نوشی، سوزش ختم کرنے والی ادویات کے زیادہ استعمال یا پیٹ میں تیزابیت کی زیادتی کی وجہ سے ظاہر ہوتی ہیں۔

کوڈ لیور آئل پیٹ اور آنتوں کے السر کو ٹھیک کرنے میں مدد دیتا ہے۔ تحقیق کے مطابق کوڈ لیور آئل آنتوں کی سوزش سے وابستہ جینز کو دباتا ہے اور آنتوں میں سوزش اور السر کو کم کرتا ہے۔

خوراک کا حصہ بنانا آسان

کوڈ لیور آئل کو روزمرہ خوراک میں شامل کرنا نہایت آسان ہے۔ یہ مختلف صورتوں میں دستیاب ہوتا ہے لیکن عام طور پر یہ مائع شکل اور کیپسول کی صورت میں دستیاب ہوتا ہے۔ کوڈ لیور آئل کے استعمال کے لیے کوئی ضابطہ قائم نہیں کیا گیا لیکن اومیگا 3 فیٹی ایسڈز، وٹامن اے اور ڈی کی محفوظ مقدار پر مبنی سفارشات موجود ہیں۔

کوڈ لیور آئل کی معمول کی خوراک 1-2 چائے کے چمچ تصور کی جاتی ہے لیکن روزانہ ایک چمچ محفوظ مقدار ہے۔ اسے زیادہ استعمال نہیں کیا جاسکتا کیونکہ اس میں وٹامن اے کی زیادہ مقدار پائی جاتی ہے۔

اگرچہ کوڈ لیور آئل کے بہت سے طبی فوائد ہیں، تاہم بعض لوگوں کو اس کے استعمال میں احتیاط برتنی چاہیے کیونکہ کوڈ لیور آئل خون کو پتلا کرنے کا کام کر سکتا ہے۔ بلڈ پریشر یا خون کو پتلا کرنے والی ادویات استعمال کرنے والوں اور حاملہ خواتین کو کوڈ لیور آئل کے استعمال سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp