پاک چین گندھارا ثقافتی نوادرات کی مشترکہ نمائش، قدیم ترین نمونے پیش

جمعہ 29 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور چین کی گندھارا ثقافتی نوادرات پر مبنی 3 ماہ کی طویل مشترکہ نمائش چین کے شہر شینزن کے میوزیم آف ہسٹری اینڈ فوک کلچر میں جاری ہے، اس کا مقصد گندھارا ثقافت کی دلکشی اور چین و مشرقی ایشیا پر اس کے گہرے اثرات کو پیش کرنا ہے۔

چینی ویب سائٹ چائنا اکنامک نیٹ (سی ای این) کے مطابق شینزن میوزیم، پاکستان کے محکمہ آثار قدیمہ و عجائب گھر اور چین کے پیلس میوزیم کے زیر اہتمام ’گندھارا ہیریٹیج الانگ دا سلک روڈ ‘ کے عنوان سے نمائش 24 مارچ 2024 تک جاری رہے گی۔

نمائش میں مجموعی طور پر 203 ثقافتی نوادرات پیش کیے گئے ہیں جن میں پاکستان کے 7 عجائب گھروں کے 173 اور پیلس میوزیم کے 30 نمونے شامل ہیں۔ پاکستان سے آنے والے نمونے بنیادی طور پر آثار قدیمہ کی کھدائی سے حاصل ہوتے ہیں جن میں بدھ مت کے مجسمے، گندھارا کے پتھر کے کام کے تعمیراتی اجزا اور سونے و چاندی کی مختلف اشیا شامل ہیں جو گندھارا آرٹ کے انداز کے تنوع کو ظاہر کرتی ہیں۔

پیلس میوزیم سے بدھ مت کے مجسمے بنیادی طور پر قدیم گندھارا کے علاقے سے تعلق رکھتے ہیں اور قدیم شاہراہ ریشم کے ذریعے تبت کے محلوں میں داخل ہوئے، یہ چین اور پاکستان کے درمیان ثقافتی اور فنی تبادلے کی طویل تاریخ کو اجاگر کرتے ہیں۔

نمائش میں تین موضوعاتی اکائیوں کے لیے تین مختلف رنگ استعمال کیے گئے ہیں جو گندھارا آرٹ کے آغاز سے لے کر خوشحالی تک کے ترقیاتی سفر کو اجاگر کرتی ہیں۔

اس نمائش میں دنیا بھر میں گندھارا فن پاروں کی نمائش کے لیے بصری تصاویر اور تحریری خاکوں کا بھی استعمال کیا گیا ہے جس میں برصغیر پاک و ہند میں ابتدائی بدھسٹ آرٹ کے 3بڑے اسکولوں کو متعارف کراتے ہوئے گندھارا آرٹ کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔

نمائش کے افتتاح کے بعد سے ابتدائی 2 دنوں میں مقامی شہریوں نے گندھارا ثقافت میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور نمائش کو سراہا۔ ایک چینی مہمان نے پاک چین تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے نمائش کی اہمیت بارے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پتھر کی پیچیدہ تراش خراش اور سونے و چاندی کے دلکش نمونوں کی ایک منفرد کہانی ہے۔

 قدیم سلک روڈ کے ساتھ فن کا تبادلہ پائیدار دوستی کے فروغ کی عکاسی ہے ، یہ نمائش ہماری مشترکہ تاریخ اور پائیدار اور لازوال رشتوں کو اجاگر کرتی ہے جو ہماری قوموں کو متحد کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp