سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں سے تاثر دیا جارہا ہے جیسے ریاست وجودکھو رہی ہے: جنرل عاصم منیر

جمعہ 29 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ہیجان، مایوسی اور افراتفری کا ماحول پیدا کر کے جھوٹی خبروں کے ذریعے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ جیسے ریاست اپنا وجود کھو رہی ہے۔ انہوں  نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہر قسم کے مافیا کی قوم کے ساتھ مل کر سرکوبی کی جائے گی۔ وہ جمعے کو قومی کسان کسان کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ گرین پاکستان انیشیٹیو میں فوج کا رول صرف عوام اور کسانوں کی خدمت ہے۔ تمام اضلاع میں زرعی مالز کا قیام عمل میں لایا جائے گا جہاں کسانوں کو ہر طرح کی زرعی سہولیات میسر ہوں گی۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ آسان زرعی قرضوں، کولڈ اسٹوریج کی چین، موسمیاتی تبدیلی کے تاثرات سے محفوظ بیج اور جینیٹیکلی انجنئیرڈ لائیو اسٹاک کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ زراعت اور مویشی بانی تقریباً ہر نبی کا پیشہ رہا ہے کیوں کہ اس پیشے میں ڈسپلن، تکلیف، نمو اور صبر شامل ہیں جن کے نتیجے میں بے تحاشہ انعامات ملتے ہیں۔

’پاکستان زمین اپنے اندر بیش بہا خزانے سموئے ہوئے ہے‘

سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ہے جس کے پاس گلیشیئر، دریا، پہاڑ اور زرخیز زمین ہے جس سے دنیا کا بہترین چاول، کینو اور آم جیسے پھل ملتے ہیں جبکہ اس میں گرینائٹ، سونے اور تانبے جیسے بیش بہا خزانے بھی موجود ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ سنہ 1960 کی دہائی میں پاکستان ایشیا کا تیزی سے ترقی کرنے والا ملک تھا لیکن ہم نے قائداعظم کے 3 زریں اصولوں (ایمان، اتحاد اور تنظیم) کو بھلا دیا جس کی وجہ سے تنزلی کا شکار ہوئے۔

’دنیا میں صرف 2 ہی ریاستوں کا کلمے کے نام پر بننا اتفاق نہیں‘

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بارے میں افواہیں اور منفی باتیں بتائی جا رہی ہیں لیکن آپ کو پتا ہونا چاہیے کہ کلمہ کے نام پر 2 ہی ریاستیں قائم ہوئیں ایک ریاست طیبہ اور دوسری ریاست پاکستان اور  یہ محظ اتفاق نہیں ہے۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہیجان، مایوسی اور افراتفری کا ماحول پیدا کر کے جھوٹی خبروں کے ذریعے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ جیسے ریاست اپنا وجود کھو رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہر قسم کے مافیا کی قوم کے ساتھ مل کر سرکوبی کی جائے گی۔

آرمی چیف کے خطاب کے دوران کسان  بار بار نعرہ تکبیر اور پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔

وزیراعظم کا خطاب

اسلام آباد میں منعقدہ اس تقریب سے خطاب میں نگراں وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ نے زراعت کو نچلی سطح پر سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے ایس آ ئی ایف سی کی چھتری تلے مختلف سنگ میل حاصل کرنے پر وزارتوں اور محکموں کے باہمی تعاون کو سراہا ہے اور مختلف اقدامات کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

تقریب میں وفاقی وزراء، زرعی ماہرین اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp