بھارت میں ایک خاتون کے سینڈوچ سے دوران پرواز زندہ کیڑا نکل آیا جسے خاتون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’انسٹاگرام‘ اور دیگر پلیٹ فارمز پر پوسٹ کر دیا، خاتون کی اس پوسٹ پر بھارتی ایئرلائن کو صارفین کی طرف سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ایئر لائن نے خاتون سے معافی مانگ لی ہے اور تحقیقات کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔
دہلی سے ممبئی تک انڈیگو ایئر لائنز کی پرواز پر سفر کرنے والی ڈائٹیشین خوشبو گپتا نے 29 دسمبر کو اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کو ’انسٹاگرام‘ پر شیئر کیا ہے۔
خوشبو گپتا نے لکھا کہ’میں جلد ہی ای میل کے ذریعے باضابطہ شکایت درج کراؤں گی لیکن پہلے ایک پبلک ہیلتھ پروفیشنل کی حیثیت سے میں یہ جاننا چاہتی ہوں کہ اگرچہ سینڈوچ کا معیار اچھا نہیں تھا تو توجہ دلانے کے باوجود فلائٹ اٹینڈنٹ نے وہی سینڈوچ دیگر مسافروں کو کیوں پیش کیے۔
View this post on Instagram
خاتون مسافر کا کہنا ہے کہ جب اسے اپنے سینڈوچ میں رینگتا ہوا زندہ کیڑا نظر آیا تو اس نے مسافر ایئر لائن کی اٹینڈنٹ کو بلا کو دیکھایا اور آگاہ کیا کہ سبزی، ٹماٹر سے بھرا یہ سینڈوچ خراب ہے لیکن اس کی جانب سے توجہ دلانے کے باوجود ایئرلائن اٹینڈنٹ نے دیگر مسافروں کو سینڈوچ پیش کیے۔
ایئر لائن کی بدقسمتی یا اتفاق کی بات ہے کہ مسافر خاتون پیشہ کے اعتبار سے ایک ڈائٹیشن ہیں۔ خوشبو گپتا نے کہا کہ ایئرلائن میں بچے، بوڑھے اور دیگر مسافر بھی موجود تھے۔ اگر کسی کو انفیکشن ہو جائے تو پھر کیا ہوگا؟۔
خوشبو گپتا کا کہنا ہے کہ انہیں کسی معاوضے یا رقم کی واپسی کی ضرورت نہیں ہے، وہ ایئر لائنز کی جانب سے ’صرف یہ یقین دہانی چاہتی ہیں کہ مسافروں کی صحت اور حفاظت ان کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
ادھر انڈیگو ایئر لائن نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں خاتون سے معافی مانگی گئی اور یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ فی الحال اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
انڈیگو ایئرلائن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اپنی ایک خاتون مسافر کی جانب سے دہلی سے ممبئی جانے والی فلائٹ 6 ای 6107 میں ملنے والی خوراک کے بارے میں اٹھائے گئے خدشات سے آگاہ ہیں۔
ہم اپنی ایئر لائن پر کھانے اور مشروبات کی خدمات کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم پر کاربند ہیں۔ تحقیقات کے بعد ہمارے عملے نے فوری طور پر سینڈوچ کی سروس بند کر دی تھی۔
فی الحال اس معاملے کی مکمل جانچ کی جا رہی ہے اور ہم مناسب اصلاحی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے اپنے کیٹرر کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ ہم مسافروں کو ہونے والی کسی بھی تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہیں۔
بھارتی ایئر لائنز میں کیڑے پائے جانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں
ادھر یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اس طرح کے واقعہ نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کی ہے۔ اس سے پہلے بھی مارچ 2023 میں ایئر انڈیا کے ایک مسافر کو بزنس کلاس میں پیش کیے جانے والے کھانے میں ایک کیڑا نکلا تھا۔
مسافر مہاویر جین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کھانے کی ایک تصویر شیئر کی تھی اور لکھا تھا کہ ’بزنس کلاس میں پیش کیے جانے والے کھانے میں کیڑے، شکایت کے جواب میں ٹاٹا کی ملکیت والی ایئرلائن نے بھی کہا تھا کہ وہ ہمیشہ حفظان صحت کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات پر عمل کرتے آ رہے ہیں۔