1500 سے زائد پوائنٹس کا زبردست اضافہ، کراچی اسٹاک ایکسچینج 64 ہزار پوائنٹس سے تجاوز کرگئی

پیر 1 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک بار پھر 64000 کی سطح عبور کرگیا ہے۔

نئے سال کے پہلے ہی روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا جہاں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1580 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے۔ کاروبار کے آخری روز یہ 62 ہزار 451 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

آج صبح کاروبار کے آغاز کے بعد کے ایس ای 100 انڈیکس 2.5 فیصد اضافے کے ساتھ 64 ہزار 9 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کے ایس ای 100 انڈیکس اس وقت 64 ہزار 34 پر ٹریڈ کررہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں اسٹاک ایکسیچنج میں کبھی تیزی اور کبھی مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا۔ دسمبر کے ابتدائی ہفتوں میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس 67 ہزار سے تجاوز کرگیا تھا، تاہم اختتامی ہفتوں میں ہنڈرڈ انڈیکس کم ہوکر 59 ہزار پوائنٹس تک آگیا تھا۔

8 دسمبر 2023 کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس 65 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کرنے کے بعد 66 ہزار 155 پوائنٹس پر پہنچ گیا تھا۔ 13 دسمبر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس ملکی تاریخ کی ریکارڈ بلندی پر پہنچا اور 67 ہزار کا ہندسہ عبور کرنے کے بعد 1146 پوائنٹس کم ہوکر 65 ہزار 280 پر بند ہوا۔

26 دسمبر 2023 کو مسلسل 3 دن کی چھٹیوں کے بعد اسٹاک ایکسچینج کا آغاز ریڈ زون سے ہوا، سال کے اختتام اور نئی حکومت کے پریشر سے سرمایہ کار شیئرز کو فروخت کرنے لگے، جس کی وجہ سے اسٹاک ایکسچینج میں ہنڈریڈ انڈیکس دوران ٹریڈنگ 1700 سے زائد پوائنٹس مائنس ہوئے اور انڈیکس 61 ہزار 600 کی نفسیاتی حد سے گر کر 59 ہزار کی حد پر ٹریڈ ہوئے۔

معاشی ماہرین کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کی تاریخ سامنے آنے کے بعد سے مارکیٹ میں مندی دیکھنے میں آرہی ، جب بھی انتخابات ہوتے ہیں اس دوران مارکیٹ سلو ہوجاتی ہے اور سرمایہ کار محتاط ہوجاتے ہیں اور اپنا سرمایہ نکالنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس کی سب سے بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ وہ آنے والی حکومت کی پالیسی کا انتظار کرتے ہیں۔

گزشتہ سال پہلے کاروباری دن کے ایس ای-100 انڈیکس 40 ہزار 815 پر پہنچ گیا تھا۔ جبکہ سال 2023 کے آخری کاروباری روز انڈیکس 62 ہزار 451 کی سطح پر بند ہوا تھا۔ گزشتہ برس کے ایس ای-100 انڈیکس میں 22 ہزار 31 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp