بولان کے علاقے کمبڑی پل کے قریب بلوچستان کانسٹبلری کے ٹرک کے قریب خودکش دھماکے ہوا جس کے نتیجے میں 9 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
ایس ایس پی کچھی محمود نوتیزئی کے مطابق خود کش حملہ آور نے بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑایا جس کے نتیجے میں 9 اہلکار جاں بحق جبکہ 9 زخمی ہوئے۔
محمد نوتیزئی نے بتایا کہ دھماکے کے بعد بم ڈسپوزل ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے جب کہ سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔
دھماکے کے فوراً بعد جاں بحق و زخمی پولیس اہلکاروں کو سبی سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں میں 3 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
صوبائی وزیرِ داخلہ میر ضیااللہ لانگو نے فورسز پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیرِ داخلہ کی جانب سے انتظامیہ کو واقعے میں زخمیوں ہونے والوں فوری طور پر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیر داخلہ نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فورسز کی استعداد کار بڑھانے میں پوری معاونت کرے گی۔
وزیر داخلہ نے حملہ میں جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کےدرجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
’بزدلانہ کارروائیوں سے صوبے کے امن کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام ہوگی اور قربانی دینے والے جوانوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔‘
شہید پولیس اہلکاروں کی شناخت اور قانونی کارروائی کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کردی جائیں گی۔