ملک سے پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات میں جاری مالی سال کے دوران اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں سبزیوں کی برآمدات سے ملک کو 99.84 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 45 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی کی اسی مدت میں سبزیوں کی برآمدات سے ملک کو 68.89 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ نومبر میں سبزیوں کی برآمدات کا حجم 20.75 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو اکتوبر میں 21.41 ملین ڈالر اور نومبر 2022 میں 11.27 ملین ڈالر تھا۔
مالی سال 2023 میں سبزیوں کی برآمدات سے ملک کو 172.34 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے نومبر تک کی مدت میں پھلوں کی برآمدات کا حجم 128.32 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 38.41 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پھلوں کی برآمدات سے ملک کو 92.71 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ نومبر 2023 میں پھلوں کی برآمدات کا حجم 19.77 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو اکتوبر میں 20.07 ملین ڈالر اور نومبر 2022 میں 8.32 ملین ڈالر تھا۔ مالی سال 2023 میں پھلوں کی برآمدات سے ملک کو 232.30 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔