جیسے جیسے نیا سال شروع ہوتا ہے بالی ووڈ میں بھی کوئی نہ کوئی اہم قصہ سامنےآجاتا ہے۔ بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار عامر خان اور رینا دتا کی بیٹی، ایرا خان کی شادی ہونے والی ہے اور اس حوالے سے شائقین یہ جاننے کے لیے بیتاب ہیں کہ دلہا کون ہے اور کیا کرتا ہے نیز یہ جوڑا کس طرح ایک دوسرے کے قریب آیا۔
ایرا کی شادی فٹنس کوچ نوپور شیکھرے کے ساتھ 3 جنوری کو ہونے والی ہے۔ اس تاریخ کا انتخاب خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہ ان کے تعلقات کی چوتھی سالگرہ والا دن بھی ہے۔ سنہ 2022 میں باضابطہ طور پر منگنی کرنے اور سنہ 2023 میں ’کیلوان‘ کی تقریب کے بعد اب یہ جوڑا سنہ 2024 میں ازدواجی خوشی کے اگلے دلچسپ باب کے آغاز کے لیے تیار ہے۔
آئیں دیکھتے ہیں کہ یہ جوڑا کس طرح ایک دوسرے کے نزدیک آیا اور کس طرح دوستی محبت میں تبدیل ہوکر شادی کی شکل اختیار کر رہی ہے۔
ایک مشہور فٹنس کوچ اور کنسلٹنٹ کے طور پر مشہور نوپور شیکھرے نے سابق مس یونیورس سشمیتا سین کو بھی تربیت دی ہے۔ ان کی قسمت نے اس وقت رومانوی موڑ لیا جب ایرا خان کو اپنے والد کے فٹنس کوچ کی صورت میں اپنی محبت مل گئی۔
سنہ 2020 میں میں وبائی امراض کے لاک ڈاؤن کے درمیان ایرا خان اپنے والد کے گھر پر رہ رہی تھیں جہاں ان کا تعارف نوپور شیکھرے سے ہوا۔ ان کی بات چیت اور تعلقات ابتدائی طور پر فٹنس ٹپس پر ہی مرکوز رہے اور وہ خود بھی نہیں جانتے تھے کہ جلد ہی ان کا تعلق ایک نیا موڑ اختیار کرلے گا۔
انہوں نے لاک ڈاؤن میں مشکل ترین وقت ایک ساتھ دیکھا اور چیلنجنگ تجربات شیئر کیے جس سے ان کے تعلقات میں مزید مضبوطی آئی اور ایک دوسرے کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملی۔
سنہ2021 میں ایرا خان نے سوشل میڈیا پر اپنے رشتے کو آفیشل بناتے ہوئے اپنی محبت کی کہانی دنیا کے ساتھ شیئر کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے نوپور کو اپنے سپنوں کا شہزادہ قرار دیتے ہوئے ان کی سپورٹ پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں کی خوش کن تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ نوپور کے ساتھ عہدوپیمان ان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔
دونوں خاندانوں نے کھلے دل سے اس رشتے کو گلے لگایا اور نوپور شیکھرے بغیر کسی رکاوٹ کے خان خاندان کا حصہ ہوگئے اور جلد ہی اہم تقریبات کا ایک لازمی جزو بھی بن گئے خواہ وہ سالگرہ ہو، عید ہو یا دیوالی کی تقریب ہو۔ اس کے ساتھ دونوں خاندان ایک دوسرے کے انتہائی قریب آگئے اور ان کا تعلق دن بہ دن پروان چڑھنے لگا۔
پھر ستمبر 2021 میں ایک موقع آیا کہ نوپور شیکھرے نے باضابطہ طور پر ایرا کو شادی کے لیے پروپوز کیا جو انہوں نے بخوشی قبول کرلیا۔ پھر 2 ماہ بعد ان کی منگنی کا اعلان کیا گیا اور اس طرح دونوں نے اپنی آئندہ آنے والی ازدواجی زندگی کی جانب ایک اور اہم قدم بڑھایا۔