چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔پاک فضائیہ خطے میں طاقت کے توازن کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے پاک فضائیہ کے آپریشنل بیس پر تقریب میں شرکت کی اور پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔
مزید پڑھیں
جنرل عاصم منیر نے انسانی وسائل کی ترقی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تکنیکی ترقی اور آپریشنل مہارت کے لیے پاک فضائیہ کی لگن لائق تحسین ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے غزہ تنازع کے متاثرین کے لیے امدادی سامان کی نقل و حمل کے لیے پی اے ایف کی کوششوں کو بھی سراہا۔
سربراہ پاک فضائیہ نے دفاعی اثاثوں کی اہمیت سے آگاہ کیا
تقریب کے دوران پاک فضائیہ میں دفاعی اثاثوں کی شمولیت کی گئی، اس موقع پر ایئرچیف ظہیر احمد بابر سدھو نے دفاعی اثاثوں کی اہمیت سے آگاہ کیا۔
پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہاکہ ہم کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، سائبر اور اسپیس ٹیکنالوجی میں فضائیہ نے گرانقدر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وطن کے دفاع کو یقینی بنانے کے لیے پاک فضائیہ پرعزم ہے۔
تقریب کے بعد مختلف لڑاکا طیاروں، تربیتی طیاروں اور یو اے وی کے شاندار ایئر شو کا انعقاد کیا گیا۔
مہمان خصوصی اور حاضرین نے بعد میں پی اے ایف کے متنوع لڑاکا طیاروں، فضائی نقل و حرکت اور یو اے وی کے بیڑے کی نمائش کا ایک جامد ڈسپلے بھی دیکھا۔
قبل ازیں آرمی چیف کا تقریب میں آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے استقبال کیا اور سپہ سالار کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔