سڈنی ٹیسٹ: پاکستان پہلی اننگز میں 313 رنز بنا کر آؤٹ

بدھ 3 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آخری میچ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جارہا ہے۔ میچ کے پہلے روز کا کھیل ختم ہوچکا ہے۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 77.1 اوورز میں 313 رنز بنائے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔ چائے کے وقفے تک پاکستان کے 199 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔ تاہم  محمد رضوان، آغا سلمان اور عامر جمال کی شاندار نصف سینچریوں کی بدولت پاکستان اپنی پہلی اننگز کو 313 رنز تک  پہنچانے کے قابل ہو سکا۔

اس سے قبل پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز مایوس کن انداز میں کیا، اوپنرز عبداللہ شفیق اور صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ عبداللہ شفیق 2 گیندیں کھیلنے کے بعد اسٹارک کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ صائم ایوب بھی 2 گیندیں کھیل کر ہیزل وڈ کی گیند پر وکٹ کیپر ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بابر اعظم نے 40 گیندوں پر 26 رنز بنائے، وہ پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، سعود شکیل 12 گیندوں پر صرف 5 رنز بناسکے، وہ بھی کمنز کی گیند پر ٹیکیری کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، کپتان شان مسعود 70 گیندوں پر 35 رنز بنا کر مارش کی گیند پر اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

محمد رضوان نے پاکستانی بیٹنگ کو سہارا دیا، انہوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 103 گیندوں پر 88 رنز بنائے، کمنز کی گیند پر ہیزل وڈ نے ان کا کیچ اپکڑا۔ اگلے بیٹر ساجد خان 23 گیندوں پر 15 رنز بنا کر کمنز کی گیند پر لیون کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد آنے والے سلمان آغا نے بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور 67 گیندوں پر 53 رنز بنائے، اسٹارک کی گیند پر لیون نے ان کا کیچ پکڑا۔

حسن علی نے 5 گیندیں کھئیل کر کمنز کی گیند پر اسٹارک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے کوئی اسکور نہ بنایا۔ نوجوان کھلاڑی عامر جمال نے 97 گیندوں پر 82 رنز کی سنسنی خیز اننگز کھیلی۔ لیون کی گیند پر اسٹارک نے ان کا کیچ پکڑا۔ میر حمزہ 43 گیندوں پر 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا نے پہلے دن کے اختتام پر ایک اوور میں 6 رنز بنائے تھے اور اس کا کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا تھا۔ آسٹریلین اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ  کریز پر موجود ہیں۔ وارنر نے 6 گیندوں پر 6 رنز  بنائے ہیں جبکہ عثمان خواجہ نے ابھی تک کسی گیند کا سامنا نہیں کیا۔ آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کو پہلے دن کے اختتام پر 307 رنز کی برتری حاصل ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp