سڈنی ٹیسٹ: دوسرے روز کا کھیل بارش کی نذر، آسٹریلیا کے 116 رنز پر 2 کھلاڑی آؤٹ

جمعرات 4 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آسٹریلیا اور پاکستان کے مابین سڈنی میں جاری تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل بارش کی وجہ سے متاثر ہوگیا، محض 46 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہو سکا، پہلے  دوسرے سیشن کا کھیل خراب روشنی کے باعث روک دیا گیا، بعد ازاں بارش نے سارا کھیل ہی متاثر کر دیا۔ اس دوران آسٹریلیا کے 116 رنز پر 2 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں، آسٹریلیا کو پاکستان کے 313 رنز برابر کرنے کے لیے 197 رنز درکار ہیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے بلے باز مارنس لبوشین 23 اور اسٹیون اسمتھ 6 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ آج دوسرے روز ہی کھیل کے آغاز میں آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کو 34 رنز پر آغا سلمان نے آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 108 رنز پر گری جب عثمان خواجہ کو 47 رنز پر عامر جمال نے آؤٹ کیا۔

اس سے قبل میچ کے پہلے روز پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 77.1 اوورز میں 313 رنز بنائے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے، محمد رضوان، آغا سلمان اور عامر جمال کی شاندار نصف سینچریوں کی بدولت پاکستان کی لڑکھڑاتی بیٹنگ کو سہارا ملا۔

محمد رضوان نے 88 ، عامر جمال نے 83 اور آغا سلمان نے 53 رنز بنائے۔

آسٹریلیا نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو صرف ایک اوور کا کھیل ہوسکا، جس میں آسٹریلیا نے 6 رنز بنائے۔ کھیل کے دوسرے روز آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر 34 رنز بنا کر سلمان علی آغا کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عثمان خواجہ تھے، وہ 43.3 اوورز میں 108 کے مجموعی اسکور پر 143 گیندوں پر 47 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے۔

واضح رہے سڈنی ٹیسٹ کے 2 روز مکمل ہو چکے ہیں مزید 3 دن کا کھیل باقی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp