خورشیدشاہ نے ایاز صادق سے ملاقات کیوں کی؟

جمعرات 4 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق کی ملاقات کی ایک ویڈیو 2 روز قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی،  اس حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ خورشید شاہ نے ایاز صادق سے اس لیے ملاقات کی تاکہ این اے 127 جہاں سے بلاول بھٹو الیکشن لڑ رہے ہیں، وہاں ن لیگ سے مدد مانگی جائے۔

تاہم پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے وی نیوز کو بتایا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے اس حوالے سے جب خورشید شاہ سے بات کی تو انہوں نے بلاول بھٹو کو بتایا کہ ایاز صادق ان کی طبعیت پوچھنے کے لیے تشریف لائے تھے، ان سے حلقے کی سیاست کے حوالے سے کوئی گفتگو نہیں ہوئی، ن لیگ جان بوجھ کر اس طرح کی باتیں پھیلا رہی ہے تاکہ پیپلز پارٹی کو اس حلقے سے نقصان پہنچے اور ن لیگ یہاں سے کامیاب ہو سکے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ن لیگ جو بھی کرلے، بلاول بھٹو اس حلقہ سے کامیاب ہوں گے، منفی پروپیگنڈا کرنے سے کچھ نہیں ہوگا۔

ایاز صادق نے ملاقات کی ویڈیو کیوں وائرل کی؟

اس وقت ایاز صادق کی حلقے کی سیاست داؤ پر لگی ہے، این اے 121 میں انہیں ٹکٹ ملنے کا امکان کم ہے، ن لیگ اس حلقہ میں شیخ روحیل اصغر کو ٹکٹ دینے کا سوچ رہی ہے۔ لاہور کے حلقہ این اے 117 میں بھی ایاز صادق کو ٹکٹ ملنے کے امکانات کم ہیں کیونکہ استحکام پاکستان پارٹی کے صدر علیم خان وہاں سے الیکشن لڑ رہے ہیں اور ممکن ہے کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی وجہ سے وہاں سے ن لیگ کا کوئی امیدوار کھڑا نہ ہو۔

ن لیگ کے ذرائع کے مطابق، ایاز صادق اپنے حلقے میں جاتے ہی نہیں، جس حلقے سے الیکشن لڑتے تھے وہ روحیل اصغر کے پاس چلا جائے گا، شیخ روحیل اصغر نے ایاز صادق کی یہاں سے الیکشن جیتنے میں پہلے بھی مدد کی تھی اور انہوں نے علیم خان کو 1500 ووٹوں سے شکست دی تھی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ایاز صادق پارٹی میں اپنی اہمیت ثابت کرنے کے لیے سیاسی شعبدہ بازی میں مصروف ہیں، خورشید شاہ کے ساتھ ملاقات کی ویڈیو بھی انہوں نے خود بنوائی اور وائرل کروائی تاکہ پارٹی کو یہ پیغام پہنچ سکے کہ ایاز صادق ایک تگڑے سیاست دان ہیں۔

ن لیگ کے ذرائع نے مزید بتایا کہ خورشید شاہ سمیت دیگر رہنما ان باتوں کی تردید کر رہے ہیں، جو ملاقات کا احوال میڈیا پر چلوایا گیا، وہ سب ایاز صادق پزیرائی حاصل کرنے کے لیے کر رہے ہیں تاکہ پارٹی انہیں کہیں نہ کہیں سے ٹکٹ جاری کرے یا انہیں سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کی یقین دہانی کرائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp