یوں تو خواتین کا کھانا بنانا اکثر مردوں کو بظاہر ایک آسان کام لگتا ہے لیکن اس میں جو محنت درکار ہوتی ہے یہ خواتین ہی جانتی ہیں۔ امریکا میں ایک خاتون نے تو کمال ہی کردیا کیوں کہ انہوں نے مسلسل 55 گھنٹے صرف کر کے انواع و اقسام کے لذیذ کھانے بنائے۔
ٹیکساس کی مچل ہینڈلی لذیذ کھانے بنانے میں 55 گھنٹے گزار کر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں اپنی جگہ بنانے کی اہل ہوگئیں۔
وہ سنہ 2015 میں نائیجیریا سے مینسفیلڈ منتقل ہوئی تھیں۔ انہوں نے کسی بھی ایک فرد کی جانب سے طویل ترین بیکنگ میراتھن کا ریکارڈ اپنے نام کرنے کی کوشش میں 55 گھنٹے اپنے کچن میں مختلف بیکڈ اشیا بنانے میں گزارے۔
مزید پڑھیں
مچل نے 28 دسمبر کو کھانا پکانا شروع کیا اور 55 گھنٹے تک اس میں مصروف رہیں۔ اس کے کارنامے کے گواہوں میں مینسفیلڈ پولیس چیف ٹریسی ایرون بھی شامل تھے۔
واضح رہے کہ موجودہ ریکارڈ ایک آئرش شیف ایلن فشر کے پاس ہے جنہوں نے گزشتہ سال ستمبر میں جاپان میں اپنے ریستوران میں 47 گھنٹے، 21 منٹ اور 21 سیکنڈ تک کھانے بنائے۔ تاہم اب مچل نے ایک مرد شیف کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 55 گھنٹوں کا طویل ترین ریکارڈ بنایا۔ توقع ہے کہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کے ارباب اختیار مچل کے اس کارنامے کو نیا عالمی ریکارڈ قرار دے دیں گے۔