خیبرپختونخوا کے شہر پشاور میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی سپلائی معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ڈپٹی کمشنر پشاور نے بھی دفعہ 144 نافذ کرکے سی این جی اسٹیشنز پر آپریشن معطل کرنے کے احکامات دے دیے۔
ترجمان ایس این جی پی ایل کے مطابق پشاور ریجن کے تمام سی این جی اسٹیشنوں کو گیس کی سپلائی 5 جنوری صبح 6 بجے سے معطل کر دی جائے گی، فیصلہ گھریلوصارفین کو گیس کی طلب میں اضافے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ صورتحال بہتر ہونے تک سی این جی سٹیشنز کو گیس کی فراہمی معطل رہے گی، یہ فیصلہ پشاور ہائی کورٹ کی ہدایات اور حکومت پاکستان کی گیس مختص کرنے کی پالیسی کے مطابق ہے۔
ترجمان ایس این جی پی ایل نے کہا ہے کہ گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بھی سی این جی اسٹیشنز آپریشنز پر پابندی عائد کر دی
ڈپٹی کمشنر پشاور نے بھی شہر میں دفعہ 144 کے تحت سی این جی اسٹیشنز آپریشنز پر پابندی کےاحکامات جاری کردیے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ایس این جی پی ایل کو گیس کی شدید قلت کا سامنا ہے، سردی میں گھریلوصارفین کے لیے گیس کی قلت سے امن وامان کےمسائل پیدا ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ گھریلو صارفین کو گیس کی بلاتعطل فراہمی اولین ترجیح ہے، سی این جی اسٹیشنز 5 سے 31 جنوری تک بند رہیں گے، حکم کی خلاف ورزی پر دفعہ 188 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔