’خطرات کے باوجود انتخابات میں جا سکتے ہیں‘ حکومت نے الیکشن کے التوا کا امکان پھر رد کردیا

ہفتہ 6 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر لیڈرز کو سیکیورٹی فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، آج کی صورتحال میں ہم خطرات کے باوجود الیکشن میں جا سکتے ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ماضی میں سرد موسم اور سیکیورٹی کی خراب صورت حال میں بھی انتخابات ہوئے ہیں۔

9 مئی واقعات کی تحقیقات ہو رہی ہیں

مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ 9 مئی واقعات کے ہر کیس کی تفتیش اور تحقیق ہو رہی ہے، کابینہ نے مناسب سمجھا کہ ایک فورم ان واقعات کی تحقیقات کرے جس کی بنیاد پر کابینہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

وزیراطلاعات نے کہاکہ نائن الیون ہوا تواس پر بھی کمیشن بنا تھا، کمیٹی 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کے بعد تجاویز دے گی تاکہ آئندہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہ آئے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہم نہیں بتا سکتے کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے کچھ کیا یا نہیں کیا اور اس کی وجہ کیا تھی، ہم نے کچھ کام بروقت کیے ہیں اور بھی جو وقت ہے اس میں کام کر رہے ہیں۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ نگراں حکومت پر تنقید کرنے پر کوئی پابندی نہیں، ہمارا کام ججوں کے تبصروں پر تبصرہ کرنا نہیں، جہاں سمجھیں گے فیصلہ درست نہیں آیا اس کو چیلنج کریں گے۔

عمران خان کا آرٹیکل چھاپنے پر دی اکانومسٹ کے ایڈیٹر کو خط لکھیں گے

دی اکانومسٹ میں عمران خان کا مضمون چھپنے پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ ہماری اطلاعات کے مطابق عمران خان نے ایسا کوئی مضمون نہیں لکھا، یہ نہیں ہو سکتا کہ ایک شخص کا لکھا گیا مضمون دوسرے کے نام سے چھاپ دیا جائے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ بڑے سے بڑے ادارے سے بھی غلطی ہو سکتی ہے، ہم دی اکانومسٹ کے ایڈیٹر کو خط لکھ کر اس کے جواب کا انتظار کریں گے۔

سینیٹ میں انتخابات کے التوا کی قرارداد منظور ہونے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس پر میں تبصرہ نہیں کر سکتا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp