پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)8 کے 22ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کوشکست دے دی،مارٹن گپٹل کی شاندار اننگز نے مشکلات کا شکار کوئٹہ کی بیٹنگ کو سہارا دیا اور86 رنز بناکر ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا،آخری اوور کی پانچویں گیند پر میچ کافیصلہ ہوا،کپتان سرفراز احمد نے 29 اور محمد نواز نے 15 رنز اسکور کیے۔
میچ کے آغاز پر کوئٹہ کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکاررہی جب اوپنر عمید یوسف 8، افتخار احمد 4، نجیب اللہ زدران ایک، عمر اکمل 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، کراچی کنگز کی جانب سے تبریز شمسی نے 2، جیمز فلر، محمد موسیٰ، عامر یامین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
Chief Six-Hitter of tonight! Changed the game 🕺🏻#SabSitarayHumaray l #QGvKK l #HBLPSL8 pic.twitter.com/NcJ7o8RUiz
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) March 6, 2023
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 164 رنز بنائے،کراچی کنگز نے کھیل کا آغاز کیا تو اننگز کی پہلی ہی گیند پر میتھیو ویڈ آؤٹ ہوگئے اور اس کے بعد طیب طاہر اور قاسم اکرم بھی بالترتیب 7 اور 8 رنز بنا کرمیدان سے باہر چلے گئے۔
مڈل آڈر بیٹر شعیب ملک بھی کریز پر زیادہ دیرتک کھڑے نہ رہ سکے اور محض 13 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد وکٹ کیپر بیٹر ایڈم روسنگٹن نے انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 69 رنز کی اننگز کھیلی اور اس کے علاوہ عماد وسیم 30 اور عامر یامین نے 23 رنز اسکور کئے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
کراچی کنگز نے کھیل کے آغاز میں مشکل کے باوجود 164 رنز بنائے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نسیم شاہ اور ایمل خان نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔