قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے سربراہ مشاہد سیّد نے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف کو صدر مملکت بننے کا مشور دے دیا۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نوازشریف دل بڑا کریں اور صدر بن جائیں، چوتھی بار وزیراعظم بن کر کونسا گنیز بک آف ورلڈ میں نام درج کرانا ہے، میں نہیں چاہتا کہ نوازشریف کو چوتھی بار بھی نکالا جائے۔
انہوں نے کہاکہ میں نوازشریف کو جانتے ہوئے اور زمینی حقائق کی بنیاد پر بات کر رہا ہوں، اس وقت ہائبرڈ پلس نظام ہے جس میں نوازشریف کا گزارا نہیں ہو سکے گا۔ اس سے قبل بھی 3 وزرائے اعظم کو جیل جانا پڑا۔
مزید پڑھیں
مشاہد حسین سید نے کہاکہ نوازشریف بادشاہ ہیں کیونکہ وہ نیوکلیئر اور سی پیک جیسے دبنگ فیصلے کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کا دورہ امریکا خوشگوار رہا ہے۔
مشاہد حسین سیّد کا مزید کہنا تھا کہ دیکھ لیں جو زیادہ فیورٹ تھے وہ اب تھوڑے کم رہ گئے ہیں، یہ پیاروں کی لڑائی ہے جس میں کہا جاتا ہے تم واپس آ جاؤ کچھ نہیں کہا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں نے ملک کو جوڑ کر رکھنا ہوتا ہے، ایک بات واضح ہے کہ سب کو کچھ نا کچھ ملنا ہے، ’شاہ محمود کی بات کرنے والے یہ بھی دیکھیں کہ نوازشریف اور مریم نواز کے ساتھ ماضی میں کیا ہوا، ایک سابق وزیراعظم کو دھکا دیا گیا، سبق سیکھنا ہوگا‘۔
مشاہد حسین سید نے کہاکہ 2018 میں مسلم لیگ ن والے ڈرے ہوئے تھے، دھاندلی پر وائٹ پیپر تیار کرنے کے لیے میں نے شہبازشریف کو کہا تھا مگر سب ڈر گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ عام انتخابات میں کوئی بھی جماعت اکثریت حاصل نہیں کر سکے گی اور اتحادی حکومت بنے گی۔