الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سیکریٹری عمر حامد خان کے طبی رخصت پر جانے کے بعد ڈاکٹر سید آصف حسین کو الیکشن کمیشن کے انتظامی امور کی نگرانی کے لیے مقرر کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں اسپیشل سیکریٹری کی حیثیت سے کام کرنے والے ڈاکٹر سید آصف حسین کو عمر حامد کی غیر موجودگی میں فوری طور پر اور تاحکم ثانی سیکریٹری (گریڈ 22) کے عہدے کا اضافی چارج تفویض کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
ڈاکٹر سید آصف حسین کی تعیناتی کی منظوری چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے دی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ذرائع ابلاغ پر آنے والی خبروں میں الزام لگایا گیا تھا کہ عمر حامد نے خرابی صحت کی وجہ سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے ان قیاس آرائیوں کو ختم مسترد کر دیا تھا۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ اگر ان کی صحت نے اجازت دیتی تو عمر حامد جلد ہی اپنی ذمہ داریاں دوبارہ سنبھال لیں گے، کمیشن مکمل طور پر فعال ہے اور اس کے کام کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔
نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بھی کہا تھا کہ کوئی بحران نہیں ہے اور الیکشن کمیشن مکمل طور پر فعال ہے۔
عمر حامد کو جولائی 2021 میں 2 سالہ کنٹریکٹ پر الیکشن کمیشن کا سیکریٹری مقرر کیا گیا تھا، جس کی مدت گزشتہ سال ختم ہوگئی تھی اور اس میں مزید ایک سال کی توسیع کی گئی تھی۔
وہ اس سے قبل سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی سمیت دیگر اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ عمر حامد چوہدری نثار علی خان کے دور میں وزیر داخلہ کے ترجمان کی حیثیت سے بھی خدمات سر انجام دیتے رہے ہیں۔