مسلم لیگ ن ٹکٹس: دانیال عزیز ٹکٹ سے محروم، غلام سرور نوازے گئے

بدھ 10 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن نے راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد ڈویژن سے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔

آئی پی پی سمیت دیگر جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات کے باعث کچھ حلقوں سے امیدواروں کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا۔

ٹکٹوں کی فہرست کے مطابق مسلم لیگ ن اور سیکریٹری جنرل احسن اقبال پر تنقید کرنے والے دانیال عزیز پارٹی ٹکٹ سے محروم ہو گئے ہیں جبکہ راولپنڈی این اے 54 سے کسی کو ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا، یہاں سے آئی پی پی کے غلام سرور خان امیدوار ہیں۔

واضح رہے کہ دانیال عزیر کو پارٹی پالیسی کے خلاف بیانات دینے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا جس کا انہوں نے جواب بھی جمع کرایا تھا۔

’مسلم لیگ ن این اے 96 سے بھی ٹکٹ کا فیصلہ نہیں کر سکی، یہاں سے طلال چوہدری مسلم لیگ ن کے مضبوط امیدوار ہیں‘۔

پارٹی نے پی پی 54 کی سیٹ پر احسن اقبال کو ٹکٹ جاری کیا ہے۔

ق لیگ کی این اے 62 پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی خواہش پوری نہ ہو سکی

اس کے علاوہ گوجرانولہ سے صوبائی نشست پر اشرف انصاری کو پارٹی ٹکٹ نہیں دیا گیا، نارووال سے صوبائی سیٹ پر مولانا غیاث الدین بھی پارٹی ٹکٹ سے محروم رہے۔ ’اشرف انصاری اور مولانا غیاث الدین پر الزام تھا کہ جب پارٹی پر مشکل وقت آیا تو دونوں رہنماؤں نے فارورڈ بلاک بنا کر تحریک انصاف کی حکومت کو سپورٹ کیا۔

گجرات این اے 62 سے چوہدری عابد رضا کو ٹکٹ جاری کیا گیا جبکہ مسلم لیگ ق یہاں سے ن لیگ کے ساتھ سیٹ ایڈجسمنٹ چاہتی تھی۔

اسی طرح ‏حافظ آباد سے استحکام پاکستان پارٹی کے مامون جعفر سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے آؤٹ ہو گئے ہیں، یہاں سے مسلم لیگ ن نے شاہد حسین بھٹی کو ٹکٹ جاری کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp