چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے پاس ہی تمام عوامی مسائل کا حل ہے، ہم پنجاب میں جیالا وزیراعلی اور اسلام آباد میں جیالا وزیراعظم بٹھائیں گے۔
فیصل آباد میں پیپلز پارٹی کے جلسے میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کچھ قوتوں نے سوچا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اورشہید محترمہ بینظیر بھٹو کوشہید کر کے پیپلز پارٹی کو ختم کر دیں گے اور غریب کی آواز دبا دیں گے، وہ سوچتے تھے کہ وہ بینظیر بھٹو کو شہید کر کے ہمارا راستہ روک لیں گے، میں ان کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پیپلز پارٹی کے جیالے جھکنے والے نہیں ہیں، ہم دکھائیں گے کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کا جیالا زندہ ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کچھ قوتوں نے پنجاب میں اشرافیہ کی جماعتوں کو مسلط کیا، یہ غریب دشمن، کسان دشمن اور مزدور دشمن جماعتیں یہ جب بھی حکومت میں آتی ہیں عوام کو غربت میں دھکیلتی ہیں، آج غربت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، جب ذوالفقار علی بھٹو وزیراعظم بنے تھے تو انہوں نے عوام کا نمائندہ بن کے عوامی حکومت بنائی، پھر جب بینظیر بھٹو وزیراعظم تھیں تو وہ غریبوں کی وزیراعظم تھیں۔
انہوں نے کہا کہ اب ہم نے ایک بار پھر عوام کی حکومت بنانی ہے اور عوام کا راج قائم کرنا ہے، ہم نے کسانوں کی حکومت لاہور اور اسلام آباد میں بھی بنانی ہے، ہم نے ایک بار پھر جیالے کو وزیراعلی اور وزیراعظم بنانا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم مہنگائی کا مقابلہ کریں گے، ہم غربت کا مقابلہ کریں گے، ہم ملک کو خراب معاشی صورتحال سے نکالیں گے، باقی سیاسی جماعتیں اپنے ذاتی مقاصد کے لیے لڑ رہی ہیں، پیپلز پارٹی عوام کے لیے الیکشن لڑ رہی ہے، باقی سیاسی جماعتوں کے پاس کوئی منشور نہیں ہے، ہمیں منشور ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو شہید نے دیا، اقتدار میں آکر سرکاری ملازمین کی تنخواہیں دوگنی کریں گے۔
’پی پی کی حکومت بنی تو 300 یونٹ بجلی عوام کو مفت ملے گی، تعلیم مفت ہوگی، فیصل آباد میں یونیورسٹی کا افتتاح اپنے ہاتھوں سے کروں گا، عوام کا مفت علاج ہوگا، مفت علاج کا وعدہ پی پی نے سندھ کے ہر ضلع میں پورا کیا ہے، پنجاب کے سیاستدان جب بھی بیمار ہوتے ہیں تو علاج کے لیے بیرون ملک جاتے ہیں، پیپلز پارٹی ان سیاستدانوں کے لیے ملک میں ہی اسپتال قائم کرے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وسیلہ حق، وسیلہ تعلیم، وسیلہ روزگار بینظیر انکم اسپورٹ میں اضافے کے ساتھ دے گی، بینظیر بھٹو نے غریبوں کے لیے 7 مرحلے کے گھروں کی اسکیم دی تھی، پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر غریبوں کو 30 لاکھ گھر دے گی اور گھروں کو خواتین کو مالکانہ حقوق دے گی، کچی آبادیوں کے مکینوں کو بھی مالکانہ حقوق دے گی۔
بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ سندھ میں سیلاب زدگان کے لیے 20 لاکھ گھر بنا رہے ہیں، اگر سندھ میں یہ کام ہوسکتا ہے تو پنجاب میں کیوں نہیں، ہم کسانوں کے لیے بینظیر کسان کارڈ لے کر آئیں گے اور چھوٹے کسانوں کی مالی مدد کریں گے، کسانوں کو سبسڈی دیں گے۔
’ہم پاکستان بھر کے مزدوروں کو بینظیر مزدور کارڈ دیں گے، مزدوروں کو تعلیم اور صحت کارڈ دیں گے، ذوالفقار علی بھٹو نے مزدوروں کو حق دیا تھا، اب پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر ایک بار پھر مزدوروں کو بینظیر مزدور کارڈ کے ذریعے حق دے گی، یوتھ کارڈ کے ذریعے نوجوانوں کو ایک سال کے لیے مالی مدد پہنچائیں گے، طالب علموں کوسہولیات دیں گے اور آسان قسطوں پر قرضے دیں گے، عورتوں کو ایک ہزار دن کے لیے مالی مدد دیں گے جب ان کے ہاں بچہ پیدا ہوگا۔‘
انہوں نے کہا کہ ہم نے نفرت کی سیاست کو ختم کر کے ایک نئی سیاست لائیں گے، ہم عوام کی خدمت کی فکر کریں گے۔