ن لیگ کے ٹکٹ سے محروم رہ جانے والے دانیال عزیز کون ہیں؟

جمعرات 11 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دانیال عزیز کا شمار مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما میں ہوتا ہے اور انہوں نے پارٹی سے وفاداری کی وجہ سے نااہلی کی سزا بھی بھگتی، مگر جب 2024 کے ابتخابات کے لیے پارٹی نے ٹکٹوں کی فہرست جاری کی تو اس میں دانیال عزیز کا نام شامل نہیں تھا۔

دانیال عزیز نے اپنا سیاسی کیرئیر سنہ 1995 میں شروع کیا. سنہ 1997 کے انتخابات میں دانیال عزیز قومی اسمبلی کی نشست پر آزاد حیثیت سے ناروال سے کھڑے ہوئے اور کامیاب ہوگئے اور سنہ 1997  میں ن لیگ کی اس وقت کی حکومت کو سپورٹ کیا اس طرح جب سنہ 2002  میں مرحوم جنرل مشرف نے انتخابات کروائے تو دانیال عزیز دوبارہ آزاد حیثیت سے کامیاب ہوگئے اور سیٹ جیتنے کے بعد دانیال عزیز نے مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کرلی۔

مسلم لیگ ق میں رہتے ہوئے دانیال عزیز  این آر بی کے چیئرمین بھی رہے اور جب مشرف نے  ضلع ناظم ،تحصیل ناظم کا نظام متعارف کروایا تھا تو دانیال عزیز کا اس میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

سنہ 2008 میں مسلم لیگ ق کی ٹکٹ پر پہلی بار  نارووال سے الیکشن لڑا  لیکن وہ الیکشن ہار گئے۔ جب سنہ 2013 میں عام انتخابات کا اعلان ہوا تو دانیال عزیز نے مسلم لیگ ن جوائن کرلی اور سنہ 2013 میں  ن لیگ کی ٹکٹ پر نارووال کی سیٹ  سے دوبارہ ایم این اے منتخب ہوگئے۔

جب نواز شریف کو پاناما کیس میں نااہل کیا گیا تو دانیال عزیز نے نواز شریف کا بھرپور دفاع کیا اور ڈان لیکس پر بھی دانیال عزیز کھل کر اظہار کرتے رہے ہیں۔ سنہ 2017 میں جب شاہد خاقان عباسی وزیراعظم منتخب ہوئے تو دانیال عزیز ان کی کابینہ کے اہم رکن رہے اور دانیال عزیر کو وفاقی وزیر برائے نجکاری کا قلمدان سونپ گیا تھا۔ اس طرح سنہ 2018 میں دانیال عزیز توہین عدالت کے مرتکب قرار پائے اور انہیں نااہل قرار دے دیا گیا اور یوں وہ 2018 کے انتخابات میں حصہ نہ لے سکے۔

اب رواں سال الیکشن ہونے جارہے ہیں لیکن دانیال عزیز کو ن لیگ نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی وجہ سے نارووال سے ٹکٹ جاری نہیں کیا۔

دانیال عزیز نے احسن اقبال پر یہ الزام عائد کیا تھا کہ ملک میں جاری مہنگائی کے پیچھے احسن اقبال کی غلط پالیسیاں تھیں جس کی وجہ سے لوگ مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ دوسری طرف احسن اقبال  دانیال عزیز کے حلقے سے اپنے بیٹے احمد اقبال کو الیکشن لڑوانا چاہتے تھے۔

مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر نے پی پی 54 سے احمد اقبال کو ٹکٹ دینے کی شفارش کی تھی۔ احمد اقبال ڈسٹرکٹ کونسل کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں جبکہ دانیال عزیز اس حلقے سے اویس قاسم کو الیکشن کروانا چاہتے ہیں لیکن اس صورتحال میں نہ تو احسن اقبال کے بیٹے کو ٹکٹ ملا اور نہ ہی دانیال عزیز کو پارٹی نے ٹکٹ جاری کیا۔

دانیال عزیز نے یہ اعلان کیا ہے کہ وہ نارووال کے حلقے سے آزاد حیثیت میں ن لیگ کے خلاف الیکشن لڑیں گے اور ان کی اہلیہ مہناز عزیز صوبائی نشست پر نارووال سے مقابلہ کریں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp