ن لیگ نے لاہور کے 2 حلقے کس جماعت کے لیے خالی چھوڑیے، شیخ روحیل اور ایاز صادق کا مسئلہ بھی حل ہوگیا؟

جمعہ 12 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مسلم لیگ ن نے پہلے 9 ڈویژن کے پارٹی ٹکٹوں کا اعلان کیا اور آج لاہور کی ٹکٹیں بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ لاہور کا حلقہ این اے 121 جو خبروں کی زینت بنا رہا اسکا مسئلہ بھی خوش اسلوبی سے حل کر لیا گیا ہے۔

لاہور کے حلقہ این اے 121 پر شیخ روحیل اصغر کو ٹکٹ جاری کیا گیا جبکہ این اے 120 سے ایاز صادق الیکشن لڑیں گے۔ اس طرح ن لیگ نے لاہور کے 2 بڑے حلقے این اے 117 اور این اے 128 کے ٹکٹ جاری نہیں کیے۔ لاہور کا حلقہ این اے 117 جہاں سے آئی پی کے صدر علیم خان الیکشن لڑ رہے ہیں وہاں پر ن لیگ نے جماعت کے دیرینہ رہنما ملک ریاض کو ٹکٹ جاری نہیں کیا۔ ملک ریاض وہاں سے 3 مرتبہ ایم این اے منتخب ہوچکے ہیں۔

لیگی ذرائع کے مطابق این اے 117 کے علاقے شاہدرہ میں مریم نواز نے جلسہ کیا تھا جو ناکام ہوگیا تھا اور سوشل میڈیا اور نیشنل میڈیا پر اس جلسے کے حوالے کافی تنقید کی گئی تھی، ملک ریاض کو ٹکٹ نہ دینا اسکی بری پرفارمنس بھی ہے اور یہاں سے ن لیگ آئی پی پی کے ساتھ سیٹ ایڈجسمنٹ بھی کرنا چاہتی ہے۔

لاہور کا دوسرا حلقہ این اے 128 ہے یہاں سے بھی پارٹی نے کسی کو ٹکٹ جاری نہیں کیا۔ یہاں سے تحریک استحکام پارٹی کے عون چوہدری الیکشن لڑ رہے ہیں۔ یہاں پر ن لیگ کے توصیف شاہ، قومی اسمبلی کی سیٹ پر الیکشن لڑنے کے خواہش مند تھے۔ توصیف شاہ 2 مرتبہ ممبر صوبائی اسمبلی بھی رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن نے پی پی 149 سے بھی پارٹی ٹکٹ جاری نہیں کیا۔ کیوں کہ پی پی 149 سے آئی پی پی کے صدر علیم خان صوبائی سیٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp