پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر نے انکشاف کیا ہے کہ عمران خان کوقتل کرنے کی سازش کی جارہی ہے اور عدالت میں پیشیوں کی آڑ میں کوئی بھی سانحہ ہوسکتاہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ عمران خان کو عدالت میں پیشی سے کوئی مسئلہ نہیں ہے ،آج سے 4 ماہ قبل جب بھی عدالت بلاتی تھی تووہ ضرور حاضر ہوتے تھے ان کی اس معاملے پر کوئی انانہیں ہے۔
عدالت میں حملہ ہوسکتاہے
اسد عمر نے کہا کہ عمران خان کی ساری جدوجہد ہی قانون کی حکمرانی کے لیے ہےلیکن ان کو یہ معلومات ملی ہیں کہ ان کی جان کو خطرات لاحق ہیں،مصدقہ اطلاعات ہیں کہ پی ٹی آئی چیئرمین پر عدالت میں حملہ کیاجاسکتاہے ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو گولی مارنے والے ملزم کو ویڈیولنک کے ذریعے عدالت میں پیشی کی سہولیت میسر ہے تو پی ٹی آئی چیئرمین کو یہ اجازت کیوں نہیں دی جارہی؟جس طرح سے انتشار پھیلایاجارہاہے اس سے ملک کاآئین خطرے میں ہے۔
اسد عمرکاکہنا تھا کہ پورا آئینی نظام خطرے کی لپیٹ میں آگیا ہے اور دوسری طرف ملکی معیشت کی صورت حال بھی ابتر ہے،میں نے تاریخ میں کبھی ایسی صورت حال نہیں دیکھی۔
سیاسی شخصیات کوقتل کرنے کی ایک لمبی تاریخ ہے
اسدعمر نے کہا کہ ہماری ایک لمبی تاریخ ہے کہ کس طرح سے سیاسی شخصیات کا قتل کیاگیا،لاہور ہائی کورٹ اور جوڈیشل کمپلیکس میں عمران خان کی پیشی کے موقع پرسیکیورٹی کا کوئی انتظام نظر نہیں آیا۔
سابق وفاقی وزیرنے مزید کہا کہ ملک میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے اور آج غریب طبقے کے ساتھ ساتھ متوسط طبقے کا گزارا بھی مشکل تر ہوتا جا رہا ہے مگر اس کے باوجود امپورٹڈ حکومت کاہدف صرف عمران خان ہے۔