پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کا بغیر وارنٹ اپنے گھر پر چھاپے کا الزام

ہفتہ 13 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے ان کے گھر پر بغیر وارنٹ کے چھاپہ مارا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں عمر ایوب نے لکھا کہ یہ سب فاشسٹ حکومت کی جانب سے کیا جا رہا ہے، میرے گھر پر بغیر وارنٹ چھاپے کی جتنی ہو سکے مذمت کی جائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے تحریک انصاف کے انتخابی نشان سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ ان کے گھر پر 4 ڈالوں پر لوگ آئے ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہاکہ میرے بیٹے اور بھتیجے کو مارا گیا ہے اور ڈالوں پر آنے والے لوگ کاغذات لے کر چلے گئے ہیں۔

اب اسلام آباد پولیس نے ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پولیس کو ایک گھر میں اشتہاریوں کی موجودگی کی اطلاع تھی مگر وہاں پہنچنے پر معلوم ہوا کہ یہ بیرسٹر گوہر کا گھر ہے جس کے بعد اہلکار واپس آ گئے۔

ترجمان نے کسی بھی تشدد کے الزامات کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معمول کی کارروائی تھی، اس دوران کوئی دستاویزات نہیں اٹھائی گئیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp