عام انتخابات 2024 میں حصہ لینے والے امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کرنے کے لیے مقررہ وقت میں چھٹی بار توسیع ہوئی ہے اور اب رات 12 بجے کا حتمی وقت دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عام انتخابات 2024 میں حصہ لینے والے امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کرنے کے لیے مقررہ وقت رات 12 بجے تک بڑھا دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آج شام 4 بجے تک انتخابی نشانات الاٹ کرنے کا وقت تھا جس میں 7 بجے تک توسیع کی گئی تھی، پھر مزید وقت بڑھاتے ہوئے 9 بجے کیا گیا تھا۔
اِس کے بعد سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کے انتخابی نشان سے متعلق فیصلے کے تناظر میں وقت ساڑھے 10 بجے تک بڑھایا گیا تھا، پھر 11 اور ساڑھے 11 بجے کا ٹائم دیا گیا تھا تاہم اب رات 12 بجے تک کا حتمی وقت دے دیا گیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ مقررہ وقت میں 12 بجے تک کا اضافہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے انتظار کے باعث کیا گیا ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی ایک پارٹی کے امیدوار کو دوسری پارٹی کا انتخابی نشان نہ دیا جائے۔
واضح رہے کہ اس وقت سپریم کورٹ آف پاکستان میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے بلے کے نشان کی الاٹمنٹ کے بارے میں درخواست پر کارروائی اور بحث کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔