پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم متحرک، امیدوار کا انتخابی نشان جاننے کے لیے پورٹل تیار

اتوار 14 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کو بلے کا نشان نہ ملنے کے بعد سوشل میڈیا ٹیم  متحرک ہو گئی ہے، ٹیم نے ٹیکنالوجی کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنا پورٹل تیار کر لیا ہے، اب ووٹرز اپنے اُمیدوار کا انتخابی نشان بآسانی جان سکیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس ‘ پر جاری کی گئی معلومات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم نے پی ٹی آئی کے جن امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے ہیں ان کے لیے بطور آزاد امیدوار پورٹل بنایا گیا ہے۔

سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے مثال دے کر سمجھایا گیا ہے کہ ’مثلاً  اگر آپ حلقہ این اے ون تلاش کریں گے تو اس پورٹل کے نیچے آپ کو امیدوار کا نام اور نشان مل جائے گا تاہم میڈیا ٹیم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس پورٹل کو حتمی شکل تمام صوبائی اور قومی اسمبلی کے اُمیدواروں کا مکمل ڈیٹا ملنے کے بعد ہی لانچ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ہفتہ کے روز سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے ’بلے ‘ کے نشان سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کا انتخابی نشان ’بلا‘ ختم ہو گیا تھا اور چیئرمین پی ٹی آئی گوہر خان نے تمام امیدواروں کے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp