پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال اور ٹکٹ سے محروم ہونے والے لیگی رہنما دانیال عزیز آمنے سامنے آ گئے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہاکہ دانیال عزیز اندرونی طور پر پی ٹی آئی ٹکٹ کی دوڑ میں تھے۔
حال ہی میں مسلم لیگ ن اور سیکریٹری جنرل احسن اقبال کے خلاف بیان بازی کرنے پر قیادت نے دانیال عزیز کو ٹکٹ سے محروم کر دیا ہے۔
دانیال عزیز نے ٹکٹ جاری نہ کرنے پر آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے اور صوبائی سیٹ سے ان کی اہلیہ میدان میں اتریں گی۔
دانیال عزیز 2013 میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر انتخابات میں کامیاب ہوئے تھے اور پھر 2018 میں انہیں توہین عدالت پر نااہل کر دیا گیا تھا۔
دانیال عزیز نے ٹکٹ کے لیے درخواست تک نہیں دی تھی، احسن اقبال
احسن اقبال کے مطابق دانیال عزیز نے ٹکٹ کے لیے درخواست تک نہیں دی تھی اور ہمارے خلاف پریس کانفرنس پی ٹی آئی کو خوش کرنے کے لیے کی۔
انہوں نے کہاکہ قیادت 2013 میں بھی دانیال عزیز کو ٹکٹ نہیں دینا چاہتی تھی تب میں نے ان کی وکالت کرتے ہوئے ٹکٹ دلوایا تھا۔
آج کے جلسے میں احسن اقبال کے ارد گرد سب لوٹے تھے، دانیال عزیز
اب دانیال عزیز نے احسن اقبال کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ احسن اقبال نے کہا تھا کہ میں اپنے بیٹے کو ٹکٹ دے کر لوٹوں کا راستہ روکوں گا مگر آج کے جلسے میں ان کے ارد گرد لوٹے تھے۔
دانیال عزیز نے مزید کہاکہ میں اڈے تو نہیں چلاتا مگر ایل پی جی کارگو کا کاروبار کون کرتا ہے سب جانتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف جب جیل میں تھے تو میں نے اپنے حلقے میں مریم نواز کا جلسہ کیا تھا۔ قیادت کو میرے خلاف نوٹس جاری کرنے کے لیے احسن اقبال نے مجبور کیا۔