لاہور ہائیکورٹ: عمران خان، شاہ محمود، پرویز الٰہی و دیگر رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی مسترد

بدھ 17 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور پارٹی صدر پرویز الٰہی سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے۔

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 3 رکنی لارجر بینچ نے بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔

لاہور ہائیکورٹ نے آر او اور ایپلیٹ ٹریبیونل کا فیصلہ برقرار رکھنے کا حکم دیا۔ بانی پی ٹی آئی کے این اے 122 اور این اے 89 سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے تھے۔

لاہور ہائیکورٹ کے لارجر بینچ نے پی ٹی آئی رہنماؤں شاہ محمود قریشی، پرویز الٰہی، حماد اظہر اور خرم لطیف کھوسہ کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کر دیے۔ عدالت نے آر اوز اور ایپلیٹ ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھنے کا حکم دیا۔

عدالت نے شاہ محمود قریشی کے 3 حلقوں این اے 150، این اے 151 اور پی پی 218 سے، پرویز الٰہی کے 4 حلقوں این اے 64، 69 اور پی پی 32 اور 34 سے اور حماد اظہر کے این اے 129 سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے۔

فواد چوہدری اور حبا فواد

لاہور ہائیکورٹ نے فواد احمد چوہدری اور ان کی اہلیہ حبا فواد کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کر دیے۔ فواد چوہدری نے این اے60 اور این اے61 سے جبکہ حبا فواد نے این اے 61 اور پی پی 26 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔

ان تمام رہنماؤں نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا تھا کہ ریٹرننگ آفیسر اور ایپلیٹ ٹریبیونل نے حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کیے، عدالت ایپلیٹ ٹریبیونل اور ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ کلعدم قرار دے کر الیکشن لڑنے کی اجازت دے۔

ریحانہ ڈار کے کاغذات نامزدگی منظور

لاہور ہائیکورٹ کے لارجر بینچ نے عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے۔ ریحانہ ڈار نے این اے 71 اور پی پی 46 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے۔ نصیر احمد نے ریحانہ ڈار کے کاغذات نامزدگی منظوری کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp