دراندازی کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں، پاکستان کا ایران کو دوٹوک جواب

بدھ 17 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایران کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کو ٹیلیفون کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے ایران کی جانب سے کیے گئے حملے کی مذمت کی ہے۔

ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہاکہ ایران کا حملہ پاکستان کی خود مختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

جلیل عباس جیلانی نے موقف اختیار کیاکہ حملہ عالمی قوانین اور پاک ایران تعقلت کی روح کے بھی نافی ہے۔

مزید پڑھیں

ترجمان کے مطابق نگراں وزیر خارجہ نے کہاکہ واقعے سے پاک ایران دوطرفہ تعلقات کو شدید نقصان پہنچا۔

ترجمان کے مطابق جلیل عباس جیلانی نے موقف اختیار کیاکہ پاکستان اشتعال انگیز کارروائی کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی خطے کے ایک مشترکہ خطرہ ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق یکطرفہ اقدامات سے علاقائی امن و استحکام کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے، خطے کے کسی بھی ملک کو اس خطرناک راستے پر نہیں چلنا چاہیے۔

ترجمان نے بتایا کہ نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی اس وقت یوگنڈا کے شہر کمپالا میں ہیں جہاں انہیں ایرانی وزیر خارجہ کی کال موصول ہوئی۔

پاک ایران سرحد بند ہونے کی صورت میں کیا ایرانی اشیا کی قیمتیں بڑھ جائیں گی؟

یاد رہے کہ گزشتہ رات ایران کی سیکیورٹی فورسز نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان میں ڈرون اور میزائل حملے کیے تھے۔

ایرانی فورسز کے حملوں کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق جبکہ 3 بچیاں زخمی ہوئی تھیں۔

دوسری جانب پاکستان نے سخت جواب دیتے ہوئے ایران کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ خودمختاری پر حملہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔

اس سے قبل دفترخارجہ نے ایرانی ناظم الامور کو بھی طلب کر کے اپنا شدید احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp