سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 2 ایئر لائنز کو شوکاز نوٹس کیوں جاری کیے؟

جمعرات 18 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پروازوں میں تاخیر اور مسافروں کے حقوق کی خلاف ورزی پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سیرین اور ایئر بلیو کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔

سیرین ایئر اور ایئر بلیو کو بالترتیب 2 جنوری اور 15 جنوری کو نوٹس جاری ہوئے ہیں، دونوں ایئر لائنز کو شوکاز نوٹس پروازوں میں تاخیر اور مسافروں کے حقوق کی خلاف ورزی پر جاری کیے گئے ہیں، خصوصاً اندرون ملک پروازوں میں طویل تاخیر اور متعدد منسوخیوں نے بڑی تعداد میں مسافروں کو متاثر کیا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے اعلامیہ کے مطابق شوکار نوٹس کے مطابق ایئر بلیو اور سیرین ایئر اپنے متعلقہ فلائٹ آپریشن بروقت اور باقاعدگی سے انجام دینے میں ناکام رہیں، دونوں آپریٹرز نے تسلیم شدہ ریگولیٹری قوانین کو نظر انداز کیا، جس سے مسافروں کے لیے خاصی مشکلات پیدا ہوئیں۔

ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق دونوں آپریٹرز کو 7 روز میں اپنے اپنے جوابات جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کو آئندہ اس ضمن میں یقین دہانی نہ کرانے کی صورت میں دونوں ایئر لائنز کو تادیبی کارروائی کا سامنا کرناپڑ سکتا ہے۔

’بصورت دیگر دونوں ایئر لائنز کو مالی جرمانے، لائسنس کی معطلی یا منسوخی جیسے اقدامات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، اس کے علاوہ طے شدہ پروازوں کی تعداد کو کم کرنے جیسے اقدامات بھی عمل میں لائے جاسکتے ہیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp