مجھے بار بار نہ نکالا جاتا تو آج پاکستان ایشین ٹائیگر ہوتا، نواز شریف

جمعرات 18 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر انہیں بار بار اقتدار سے نہ نکالا جاتا تو آج پاکستان ایشین ٹائیگر بن چکا ہوتا۔

حافظ آباد میں اپنے پہلے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ 2017 میں جب انہیں بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر 5 ججز نے وزارت عظمیٰ سے نہ نکالا ہوتا تو آج کوئی حافظ آباد میں بے روزگار نہ ہوتا، ہر گھر خوشحال ہوتا، ہر گھر میں روشنی کے چراغ ، نوجوان برسر روزگار، کاشکار خوشحال ہوتے، بجلی اور گیس مہنگی نہ ہوتی، روٹی اور نان آج بھی 4 روپے کے ملتے۔

انہوں نے کہا کہ اگر انہیں اقتدار سے نہ نکالا جاتا تو پاکستان میں مہنگائی نام کی آج کوئی شے نہ ہوتی، ڈالر 100 روپے کا ہوتا، پاکستان خوشحالی کا گہوارہ ہوتا، دنیا میں ایک بہترین مقام حاصل کرچکا ہوتا۔ نواز شریف نے کہا کہ وہ 1990 میں وزیراعظم بنے، اگر یہ خلل بیچ میں نہ آتا، انہیں بار بار گرفتار نہ کیا جاتا اور جعلی مقدمات میں نہ الجھایا جاتا تو آج کی نسبت پاکستان کا مقام کہیں اونچا ہوتا، سبز پاسپورٹ کی عزت ہوتی اور پاکستان ایشین ٹائیگر بن چکا ہوتا۔

نواز شریف نے کہا کہ ملک میں لوڈ شیڈنگ عروج پر تھی، دہشتگردی تھی، روز بم پھٹتے تھے، اس ملک سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور دہشتگردی کا خاتمہ ہم نے کیا، موٹروے بننے کے بعد سفر کا دورانیہ آدھا ہوگیا۔

قائد ن لیگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج اگر ہماری حکومت رہتی تو کوئی نیا موٹر وے حافظ آباد کے اندر سے گزر رہا ہوتا، لیکن اب حافظ آباد میں بھی موٹروے بنے گا، حافظ آباد اور لاہور میں کوئی فرق نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مشن پاکستان کو اپنے قدموں پر کھڑا کرنا ہے اور وہ اپنا یہ مشن عوام کے ساتھ مل کر پورا کریں گے۔

ہم 9 مئی والے نہیں بلکہ 28 مئی والے لوگ ہیں، مریم نواز

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا کہ سائرہ افضل تارڑ نے نواز شریف کا ہر حالات میں ساتھ دیا، 8 فروری کو حافظ آباد میں شیر دھاڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج نواز شریف نے جو بات کی ہے، یہاں پر موجود ہر شخص ان کی بات پر غور کرے گا اور گھر گھر نواز شریف کا پیغام پہنچائے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ انہوں نے نواز شریف کو واپس لانے کا وعدہ کیا تھا جو انہوں نے پورا کردیا ہے، اس جدوجہد میں عوام بھی ان کے ساتھ تھے اور ان کی مدد کے بغیر یہ ممکن نہ ہوتا۔ نواز شریف نے پاکستان آنے سے پہلے ایک بات کی تھی کہ ہم 28 مئی والے لوگ ہیں، 9 مئی والے لوگ نہیں اور سب کو پتہ ہے کہ 28 مئی کو نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔

انہوں نے کہا کہ 9 اور 28 مئی 2 واقعات نہیں بلکہ ان تاریخوں کے پیچھے پاکستان کی 76 سال کی پوری تاریخ ہے، 28 مئی والوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، یہ پاکستان کو سنوارنے والے لوگ ہیں جبکہ 9 مئ والے پاکستان کی ریاست پر حملہ کرنے والے لوگ ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ایک تاریخ پاکستان کو بنانے اور سنوارنے جبکہ دوسری تاریخ پاکستان کو اجاڑنے کی مذموم کوشش کرنے والوں کی تاریخ ہے، 28 مئی والے ملک کے اندر سڑکوں کا جال بچھانے اور موٹرویز بنانے والے لوگ ہیں جبکہ 9 مئی والے انہی سڑکوں اور موٹرویز کو استعمال کرکے ملک میں آگ لگانے والے لوگ ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ 28 مئی والے 2 روپے کی روٹی اور مہنگائی کم کرنے والے لوگ ہیں جبکہ 9 مئی والے 4 سال اقتدار میں رہ کر مہنگائی کا طوفان والے لوگ ہیں، نواز شریف کے دور میں کسی کو بجلی کے زیادہ بل کی فکر نہیں تھی، نواز شریف کو 22 بائیس گھنٹے لوڈشیڈنگ والا پاکستان ملا تھا مگر انہوں نے دن رات محنت کرکے صرف 3 سال میں پاکستان سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے گالیاں سنیں، دھرنے، بدتمیزی، بد تہذیبی برداشت کیے لیکن عوام کی خدمت سے ایک دن بھی غفلت نہیں برتی اور مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی ختم کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالا۔

’آج کل غور کر رہے ہیں کہ مسائل کا خاتمہ کیسے کرنا ہے‘

مریم نواز نے کہا کہ وہ گواہ ہیں کہ آج کل نواز شریف کا زیادہ تر وقت اس بات پر غوروفکر کرنے میں صرف ہوتا ہے کہ انہوں نے عوام کے لیے مہنگائی کا خاتمہ کیسے کرنا ہے، بجلی کے بل کیسے کم کرنے ہیں، گھر گھر گیس کیسے پہنچانی ہے، نوجوانوں کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ اور نوکریاں کیسے دینی ہیں اور سڑکوں کا جال کیسے بچھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن آج کل نواز شریف کی سربراہی میں اس بات پر غور کر رہی ہے کہ ہر شہر میں جدید ترین اسپتال ، دانس اسکول، یونیورسٹی بنانے کے منصوبے کیسے شروع کیے جائیں۔

مریم نواز نے کہا کہ جو شخص نوجوانوں کے ہاتھ میں پیٹرول بم اور ڈنڈے دیتا ہے وہ ان کا خیر خواہ نہیں۔ جو شخص نوجوانوں کو جلاؤ گھیراؤ کرنے، ملکی دفاعی تنصیبات اور شہدا کی یادگاروں پر حملے کی ترغیب دیتا ہے اور جس کے نتیجے میں ملک کے نوجوان جیلوں میں سڑ رہے ہیں، وہ شخص ان نوجوانوں کا خیر خواہ اور ہمدرد نہیں ہوسکتا۔

’200 یونٹ سے کم والوں کے لیے بجلی مفت ہوگی‘

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا ہمدرد نواز شریف ہے جس نے انہیں لیپ ٹاپ اور نوکریاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا وعدہ ہے کے ن لیگ انتخابات میں کامیابی کے بعد ہر گھر میں بجلی، گیس دیگی، بل کم ہوں گے اور 200 یونٹ سے کم والوں کو بجلی مفت فراہم کرنے کی کوشش کریں گے، جہاں بجلی کے بل زیادہ آتے ہیں وہاں سولر پینل پہنچائے جائیں گے، صحت اور تعلیم کی سہولیات ہر گھر تک پہنچیں، نوجوانوں کا مستقبل محفوظ ہوگا، وہ جیلوں میں کسی کا سیاسی ایندھن نہیں بنیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ 9 مئی واقعات میں ملوث جو نوجوان جیلوں میں ہیں، کیا انہیں کبھی کسی نے جیلوں میں جا کر پوچھا، ان کے خاندان اور مستقبل تباہ ہوگئے مگر آج انہیں پوچھنے والا کوئی نہیں ہے اور ان کے اپنے بچے آرام سے لندن میں بیٹھے ہیں۔ مریم نواز نے عوام سے کہا کہ وہ 8 فروری کو سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں، ایسی جماعت کا فیصلہ کریں جو اس ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کے راستے پر لے جائے اور الیکشن کے دن ووٹ دے کر ’پاکستان کو نواز دو۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp