مسلم لیگ ن کے جلسے بتا رہے ہیں 2018 میں نواز شریف کو دھاندلی سے ہرایا گیا، مریم نواز

جمعہ 19 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے جلسوں میں عوام کا جم غفیر بتا رہا ہے کہ مہنگائی کی ذمہ دار ن لیگ نہیں ہے عوام جانتے ہیں کہ 2018 میں نواز شریف کو دھاندلی سے ہرایا گیا۔

خانیوال میں مسلم لیگ ن کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے خانیوال کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج شدید سردی کے باوجود آپ یہاں حاضر ہوئے ہو، آپ کے اس جذبے پر آپ کو سلام پیش کرتی ہوں۔

خانیوال والو آپ کی 2 شاباش بنتی ہیں، ایک تو یہ ہے کہ اگر آج نواز شریف وطن واپس آئے ہیں تو اس کی وجہ یہ ہے کہ خانیوال کے عوام نے ڈٹ کر ساتھ دیا۔ نواز شریف واپس آئے ہیں تو اس کی وجہ یہی ہے کہ خانیوال میدان چھوڑ کرنہیں بھاگا۔

سیاست میں آسان اور مشکل وقت آتا ہے، اصل سیاستدان اور کارکن وہ ہوتا ہے جو ’شیر‘ کی طرح ڈٹ کر کھڑا ہو۔ خانیوال کے عوام مشکل وقت میں نواز شریف کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہوئے ہیں۔

دوسری شاباش یہ بنتی ہے کہ 2018 میں بھی ن لیگ کو دھاندلی سےہرایا گیا تو بھی خانیوال کے عوام نے یہاں کسی اور کو گھسنے نہیں دیا۔

میں ان لوگوں کو مخاطب کر کے کہتی ہوں کہ کان کھول کر سن لو کہ جو کہتے ہیں اس مہنگائی کا ذمہ دار مسلم لیگ ن ہے تو اب آنکھیں بھی کھول کر دیکھ لو کہ عوام کا جم غفیر کہتا ہے کہ اس مہنگائی کی ذمہ دار مسلم لیگ ن نہیں ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ خانیوال والو 2013 میں بھی مسلم لیگ نواز نے مقابلہ کیا اور الیکشن جیتے 2018 میں بھی جعلی لوگوں کا مقابلہ کیا اور ن لیگ ہی جیتی۔

 2018 میں نواز شریف کو ہرانے کے لیے انہیں الیکشن چوری کرنا پڑا، آر ٹی ایس بند کرنا پڑا، میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ آج تو مسلم لیگ ن سے کوئی مقابلہ کرنے والا ہی نہیں ہے کیوں کہ یہ سب ’چور جوتیاں چھوڑ کر بھاگ گئے ہیں‘۔

مریم نواز کو باپ کے سامنے گرفتار کیا، ماں کی موت کی خبر مجھے جیل میں ملتی ہے۔ اور 5 سال میرا بیگ تیار رہتا تھا کہ آج گرفتار کریں گے، کل گرفتار کریں گے لیکن اس کے باوجود مریم نواز میدان چھوڑ کر کہیں نہیں بھاگی۔ ہم میدان میں موجود رہے۔

میں نے نہ اپنے باپ کا سر جھکنے دیا، نہ قوم کا سر جھکنے دیا اور نہ ہی خانیوال کے عوام کا سر جھکنے دیا۔

مسلم لیگیوں نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، ہم نے ہر انتقام کا سامنا کیا، جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا لیکن کوئی بھی ن لیگی نواز شریف کو چھوڑ کر نہیں بھاگا۔ آج کہتے ہیں کہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ دیں، او! پہلے آؤ ہمارے ساتھ مقابلہ تو کرو۔

کس نے کہا تھا اقتدار سے نکلو تو جھوٹا سائفرلہرا دو 

آج انتقال اور لیول پلیئنگ فیلڈ کا الزام لگاتا ہو، میں بتاؤں لیول پلیئنگ فیلڈ کیا ہے۔ بتاؤ! کیا نواز شریف نے کہا تھا کہ جب اقتدار سے نکلو تو جھوٹا ’سائفر لہرا دو‘ کیا نواز شریف نے کہا تھا کہ ’قومی سلامتی کو خطرے میں ڈال دو۔ کیا نواز شریف نے کہا تھا کہ 9 مئی کو ریاست اور پاکستان پر حملہ کر دو۔

کیا نواز شریف نے کہا تھا کہ ڈنڈوں سے پولیس والوں کے سر توڑ دو، ان پر پیٹرول بم چلاؤ، کیا نواز شریف نے کہا تھا کہ جعلی جماعتی انتخابات کراؤ۔ کیا نواز شریف نے کہا تھا کہ شہدا کی یاد گاروں کو آگ لگاؤ۔

خانیوال والو گواہ رہنا کہ  نواز شریف کو بھی تو جھوٹے الزامات میں نکالا گیا تھا، اسے تو اپنے کارکن اور رہنما چھوڑ کر نہیں گئے، ان کے تو ایم این اے، ایم پی اے چھوڑ کر چلے گئے۔

نواز شریف کو10 ہزار درم تنخواہ نہ لینے پر نکالا گیا

نواز شریف کو تو اپنے بیٹے حسن نواز سے 10 ہزار درم تنخواہ نہ لینے پر نکالا گیا تھا لیکن خانیوال والو ہاتھ اٹھا کر گواہی دیں کہ نواز شریف کو جب نکالا گیا تو انہوں نے کوئی جھوٹا سائفر لہرایا۔

نواز شریف وہ ہیں جو 3 دفعہ وزیر اعظم منتخب ہوئے اور ان کے سینے میں قومی رازدفن ہیں، کیا اس نے ایک قومی راز بھی قوم کے سامنے رکھا، وہ تو چُپ ہو کر گھر اور عوام کے پاس چلے گئے۔

مسلم لیگ ن کے انٹر پارٹی الیکشن ٹی وی پر لائیو چلتے ہیں

عوام بتائیں کیا کبھی نواز شریف نے قوم کو درس دیا کہ آپ اپنے ہی ملک اور اپنے ہی گھر پر حملہ کر دو۔ کیا کبھی نواز شریف ویل چیئرپر بیٹھا، کیا اس نے کبھی ٹانگ پر پلستر کروایا، کیا اس نے کبھی جھوٹے انٹراپارٹی الیکشن کروائے۔ مسلم لیگ ن کے انٹرا پارٹی الیکشن ہوتے ہیں تو پوری قوم کے سامنے ہوتے ہیں، ٹی وی پر لائیو چلتے ہیں۔

انہوں نے خیبر پختونخوا میں جعلی انٹرا پارٹی الیکشن کروائے، اب جھوٹے الزامات لگاتے ہو کہ انتخابی نشان لے لیا گیا۔

کوئی مائی کا لال کہہ دے کہ نواز شریف قومی سلامتی کے ساتھ کھیلے

خانیوال والو! آپ کی یہ بہن بھی مشکلات سے دو چار رہی، لیکن مسلم لیگ ن اور مریم نواز نے ہمت نہیں ہاری، میدان نہیں چھوڑا، آخری وقت تک ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

کوئی ’مائی کا لال‘ یہ کہہ دے کہ نواز شریف کبھی قومی سلامتی کے ساتھ کھیلے ہوں۔

کون سی لیول پلیئگ فیلڈ؟ چوری اور جعل سازی کرتے ہو، پھر کہتے ہو سزا کیوں ملی

کون سی لیول پلیئگ فیلڈ؟ چوری کرتے ہو، جعل سازی کرتے ہو اور پھر کہتے ہو سزا کیوں ملی، کیا کسی چور کے گلے میں کوئی ہار ڈالے گا۔ نواز شریف آپ سے انتقام نہیں لے رہا، نواز شریف نے تو آسمان کی طرف دیکھ کر کہا تھا کہ میں اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتا ہوں۔

خانیوال والو دیکھو! جب انسان اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتا ہے تو پھر اللہ کیا کرتا ہے۔ یہ جو آج آپ کے ساتھ ہو رہا ہے یہ سب کچھ آپ کا اپنا کیا دھرا ہے، کیوں کہ تمہارے ہاتھ جرائم سے رنگے ہوئے ہیں۔ آپ نے اپنی جماعت کو خود اپنے ہاتھوں سے ختم کیا۔ آج جو نوجوان 9 مئی کے واقعات کی پاداش میں بند ہیں ان کو حملے کرنےکی ترغیب تم نے دی۔

نوجوانو! آپ بتاؤ کہ آپ کو ہاتھوں میں پیٹرول بم چاہیں یا لیپ ٹاپ چائیں

نوجوانو! آپ بتاؤ کہ آپ کو ہاتھوں میں پیٹرول بم چاہیں یا لیپ ٹاپ چائیں۔ آپ بتاؤ، کیا آپ کو نوکریاں چاہئیں یا ہاتھوں میں کیلوں والے ڈنڈے چاہییں۔

کیا آپ کو وہ شخص چاہیے جو آپ کی تعلیم، روز گار اور مستقبل کے لیے کوشش کرتا ہے یا آپ کو وہ شخص چاہییے جس کے اپنے بچے باہر بیٹھے ہیں اور قوم کے بچے اس وقت سلاخوں کے پیچھے ہیں؟

ہیلی کاپٹر سے خانیوال آ رہی تھی تو اوپر سے دیکھا کہ نیچے سے میٹرو بس چل رہی ہے۔

نوجوان بتائیں، ملک سے بے روز گاری، لوڈ شیڈنگ کس نے ختم کی تھی، 2 روپے کی روٹی کس کے دور میں ملتی تھی، دہشت گردی کس نے ختم کی، موٹر ویز کس نے بنائیں، نوجوانوں کو بہتر مستقبل کس نے دیا، یہ سب کچھ نواز شریف نے دیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp