ن لیگ کے خالی جلسے ثبوت ہیں، عوام نے لاڈلوں کو مسترد کر دیا ہے، پرویز الہٰی

جمعہ 19 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں کبھی کسی کا ساتھ نہیں چھوڑا، عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں اور ہمیشہ ساتھ ہی رہوں گا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے مرکزی صدر چوہدری پرویزالٰہی نے سابق سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی کے ہمراہ اینٹی کرپشن عدالت میں پیشی پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو  کرتے ہوئے کہا کہ ’ میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں، مشکل وقت میں کبھی کسی کو نہیں چھوڑا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت تحریک انصاف کو انتخابات نہ لڑنے دینا کون سی جمہوریت ہے۔ان شا اللہ 8 فروری کو پی ٹی آئی کے نامزد اُمیدوار ہی اللہ کے فضل سے کامیاب ہوں گے۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے خوف سے دونوں لاڈلوں کی نیندیں حرام ہیں، ن لیگ کے خالی جلسے اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوام نے ان لاڈلوں کو مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاڈلوں میں عوام کا سامنا کرنے کی جرات نہیں، میں اپنی لیگل ٹیم اور جو ہماری فیملی کے مقدمات کی پیروی کر رہے ہیں ان سب وکلاکو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

 پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ ہمیں آزادانہ الیکشن مہم چلانے نہیں دی جا رہی، ہمارے امیدواروں کے گھروں اور انتخابی دفاتر پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں خوف و ہراس پھیلا کر کسے خوش کیا جا رہا ہے، ہم سیاسی مقابلے کے لیے تیار ہیں، قو می و صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp