پیپلزپارٹی کے علاوہ تمام سیاسی جماعتیں خلائی مخلوق کی طرف دیکھ رہی ہیں، بلاول بھٹو

ہفتہ 20 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارے علاوہ ساری سیاسی جماعتیں خلائی مخلوق کی طرف دیکھ رہی ہیں۔

کوٹ ادو میں انتخابی مہم کے سلسلہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاکہ عام انتخابات میں مقابلہ صرف 2 جماعتوں کے درمیان ہے، عوام تیر پر مہر لگائیں تاکہ سازش کا راستہ روکا جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ ہماری مدمقابل جماعت 4 بار وزارت عظمیٰ سنبھال چکی ہے اس لیے عوام تیر پر مہر لگا کر ان کا راستہ روکیں، پیپلزپارٹی کی حکومت بنے گی تو اشرافیہ کے بجائے عام آدمی کے مسائل حل ہوں گے۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر 10 نکاتی ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے ملک سے بیروزگاری اور غربت کا خاتمہ کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت میں ملک سیکیورٹی کے مسائل کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں۔

چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ ہم سب مل کر پاکستان کے تمام مسائل کا حل نکال سکتے ہیں۔ پیپلزپارٹی وہ جماعت ہے جو حکومت میں آکر عام آدمی کی نمائندگی کرتی ہے جبکہ دیگر جماعتیں اشرافیہ کو فائدہ پہنچاتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم حکومت میں آکر 300 یونٹ تک فری بجلی دینے کے علاوہ 30 لاکھ گھر بنا کر دیں گے جن کے مالکانہ حقوق خواتین کے پاس ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہم خواتین کو بلاسود قرضے دیں گے تاکہ وہ کاروبار شروع کر سکیں۔ اس کے علاوہ کسان اور مزدور کارڈ دیں گے۔

تمام وعدوں پر عملدرآمد کریں گے

چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ قائدعوام نے روٹی کپڑا اور مکان کے نعرے پر عمل کر کے دکھایا، ہم بھی تمام وعدوں پر عمل کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت بنے گی تو عوام کو صحت اور تعلیم کی سہولیات گھر کی دہلیز پر میسر آئیں گی۔ اس کے علاوہ نوجوانوں کے لیے ہر ضلع میں یوتھ مرکز بنائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو مختلف ہنر سکھائے جائیں گے اور انہیں ایک سال تک ماہانہ وظیفہ دیں گے۔

یونین کونسل کی سطح پر بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کریں گے

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم یونین کونسل کی سطح پر بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کریں گے، پورے ملک میں کہیں پر بھی کسی کو بھوکا نہیں سونا چاہیے۔

انہوں نے مسلم لیگ ن کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں دودھ  اور شہد کی نہریں بہنے کا سنا تھا مگر میں لاہور کے جس حلقے سے الیکشن لڑ رہا ہوں وہاں پر پینے کا صاف پانی تک بھی میسر نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp