مہتاب عباسی کا مسلم لیگ ن سے اخراج، بنیادی ممبر شپ بھی ختم

ہفتہ 20 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن (پی ایم ایل این ) نے سردار مہتاب عباسی کی بنیادی ممبر شپ ختم کرتے ہوئے انہیں پارٹی سے نکال دیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن ( پی ایم ایل این ) کی جانب سے ہفتہ کے روز جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بار بار پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نے سردار مہتاب احمد عباسی کو فوری پارٹی سے نکال دیا ہے اور ان کی بنیادی ممبر شپ بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔

ادھر پاکستان مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال کا کہنا ہے کہ صدر مسلم لیگ شہباز شریف کی ہدایت پر مہتاب احمد عباسی کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سابق گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد عباسی نے ن لیگ سے اپنی راہیں جدا کرلی تھیں۔

سردار مہتاب عباسی نے مسلم لیگ ن کی صوبائی قیادت پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ خیبر پختونخوا میں ن لیگ کی قیادت صرف اپنی ذات کے بارے میں سوچتی ہے جس کی وجہ سے خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ ن کا اسٹرکچر ہی ختم ہو چکا ہے۔

مہتاب احمد عباسی کا یہ بھی کہنا تھا کہ مریم نواز سے ان کے کوئی اختلافات نہیں ہیں جب کہ نوازشریف سے وہ کچھ چیزوں پر اصولی اختلاف رکھتے ہیں۔

مہتاب احمد عباسی نے کہا تھا کہ سیاسی جماعتوں میں جمہوریت ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پاس کمزور ٹیم ہے،معاشی بحران کا حل مشکل ہے ، ن لیگ آج پنجاب تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔

انہیں اختلافات کی بنیاد پر مسلم لیگ ن نے سردار مہتاب احمد عباسی کی ایک ایسے وقت ممبر شپ ختم کر دی ہے جب 8 فروری کو ملک بھر میں عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp