ماسکو اسٹاک ایکسچینج میں چینی کرنسی نے امریکی ڈالر کو پیچھے چھوڑ دیا

ہفتہ 20 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ماسکو اسٹاک ایکسچینج میں 2023 کے دوران چینی کرنسی کی ٹریڈنگ کا حجم امریکی ڈالر سے تجاوز کر گیا جو غیر ملکی زرمبادلہ کے لین دین کے کل حجم کا تقریباً 42فیصد رہا  ہے۔

روسی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2023 میں ماسکو ایکسچینج میں چینی کرنسی آر ایم بی کا تجارتی حجم 34.15 ٹریلین روبل تک جا پہنچا جو 2022 کے حجم سے 2 گنا زیادہ ہے۔

2023 میں ماسکو ایکسچینج میں ٹریڈ ہونے والےامریکی ڈالر کا حجم تقریباً 32.49 ٹریلین روبل رہا جو لین دین کے مجموعی حجم کے 40فیصد سے بھی کم ہے۔

اس کے علاوہ یورو 14.6 ٹریلین روبل کے حجم کے ساتھ تیسرے نمبر پر ٹریڈ کیا گیا جو مجموعی طور پر 18فیصد سے بھی کم ہے جبکہ 2022 میں ماسکو ایکسچینج میں امریکی ڈالر اور یورو کا مشترکہ حصہ 87فیصد تھا۔

4 دسمبر  2023 کو ماسکو ایکسچینج نے  چینی کرنسی آر ایم بی اور روبل کی تجارت کے لیے 3 نئے اقدامات متعارف کروائے تھے جس کا مقصد مارکیٹ کے شرکا کے لیے ایکسچینج آپریشنز کی سہولت میں اضافہ کرنا اور تجارتی خطرات کو کم کرنا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp