الیکشن کے التوا کی کوشش کی گئی تو مزاحمت کریں گے، شہبازشریف

ہفتہ 20 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ اس وقت الیکشن کا التوا پاکستان اور جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہوگا۔ اگر کسی نے ایسی کوشش کی تو مزاحمت کریں گے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاکہ ہم الیکشن میں جائیں گے تو وہاں سے ضرور کوئی خیر کا راستہ نکلے گا۔

انہوں نے کہاکہ انتخابات کے بعد جو بھی حکومت بنے گی اس کے لیے سب سے بڑا چیلنج معیشت کی بحالی ہوگا۔

شہبازشریف نے کہاکہ کارکردگی کی بنیاد پر اگر کسی کا بیانیہ ہے تو وہ مسلم لیگ ن کا ہے، ہمیں جب جب موقع ملا ملک میں ترقی اور خوشحالی آئی۔

سابق وزیراعظم نے کہاکہ نوازشریف کے دور میں پاکستان ایٹمی طاقت بنا، اس کے علاوہ سی پیک میں 30 ارب ڈالر سے زیادہ سرمایہ کاری ہوئی۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنے دور میں زندگی کے ہر شعبہ میں بہتری کے لیے کام کیے، پبلک ٹرانسپورٹ، صحت اور تعلیم کے میدان میں ہم نے بے پناہ کام کیے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کی حکومت میں ہم نے اپنی سیاست کو قربان کر کے ریاست کو بچایا۔ اگر ملک دیوالیہ ہو جاتا پھر کچھ بھی نہ بچتا۔

مسلم لیگ کو موقع ملا تو اپنا سفر 2017 سے دوبارہ شروع کریں گے

ایک سوال کے جواب میں شہبازشریف نے کہاکہ ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ یہ ہے کہ عوام سے جو وعدہ کرو اسے پورا کرو اور  نوازشریف نے ایسا کر کے دکھایا۔

سابق وزیراعظم نے کہاکہ مسلم لیگ ن کو موقع ملا تو اپنا سفر 2017 سے دوبارہ شروع کریں گے اور ہمارے وزیراعظم نوازشریف ہوں گے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کا فیصلہ الیکشن کے بعد ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ نوازشریف نے 21 اکتوبر کو کہہ دیا تھا کہ میں نے اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا ہے اور وہ کسی سے انتقام لینے کے حق میں نہیں۔

شہبازشریف نے کہاکہ اس وقت ہمیں اتحاد و اتفاق اور یکجہتی کی ضرورت ہے لیکن عمران خان نے 9 مئی جو کیا اس کی کوئی گنجائش نہیں تھی۔ انہوں نے فوج کے خلاف سازش کی۔

نوازشریف کے دور میں پورے ملک میں ترقیاتی منصوبے لگے

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ نوازشریف کے دور میں پورے ملک میں ترقیاتی منصوبے لگے۔

انہوں نے کہاکہ مجھے امید ہے کہ مسلم لیگ ن کو عام انتخابات میں سادہ اکثریت ملے گی جس کے بعد ہمارا مقصد صرف اور صرف عوام کی مشکلات کم کرنا ہوگا۔

شہبازشریف نے کہاکہ نوجوانوں کو جدید تعلیم کی فراہمی ہمارے منشور کا حصہ ہے۔ نوجوانوں کو آئی ٹی کی تربیت فراہم کرکے ان کے لیے نوکریوں کے مواقع بھی پیدا کیے جائیں گے۔

شہبازشریف نے کہاکہ زراعت ہماری ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، ہمیں موقع ملا تو اس پر بھرپور توجہ دی جائے گی۔

ایران کی جانب سے کیے گئے حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے

انہوں نے کہاکہ ایران کی جانب سے پاکستان کی حدود میں عسکری کارروائی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے مگر افواج پاکستان نے اس کا بھرپور اور برقت جواب دیا۔

سابق وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان بھی دہشتگردی سے متاثرہ ہے، اگر ایران کو شکایات تھیں تو اس معاملے پر بیٹھ کر بات ہو سکتی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp