انتخابات 2024 : کوریج کے لیے کتنے غیر ملکی صحافی و مبصرین پاکستان آ رہے ہیں؟

منگل 23 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وفاقی وزیراطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابات 2024 کی کوریج کے لیے غیرملکی صحافیوں اور مبصرین کی بڑی تعداد نے پاکستان آنے کے لیے درخواست دی ہے، 174 غیر ملکی صحافیوں نے پاکستان آنے کے لیے درخواست دی ہے جن میں سے 49 صحافیوں کو ویزے جاری کیے جاچکے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے بتایا کہ 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کی کوریج کے حوالے کہا جارہا ہے کہ ان انتخابات کی کوریج کے لیے انٹرنیشنل صحافی یا بیرون ملک سے مبصرین نہیں آرہے، یہ بھی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ الیکشن کو برقعہ پہنا کے گڑبڑ کی جائے گی۔

مرتضی سولنگی نے کہا کہ اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے، حقائق یہ ہیں کہ بہت سے بین الاقوامی صحافی اور اداروں کے لوگ بشمول سی این این، بی بی سی، جرمنی کا نشریاتی ادارہ دوئچے ویلے اور جاپان کے نشریاتی اداروں کے نمائندے پہلے ہی پاکستان میں موجود ہیں، اس کے علاوہ بہت سے غیر ملکیوں صحافیوں نے ویزے کے لیے درخواستیں دی ہیں، انتخابات کی کوریج کے لیے اب تک 49 غیر ملکی صحافیوں کو ویزے جاری کیے جا چکے ہیں، 32 کے ویزے پراسیس میں ہیں، جو چھان بین کے بعد جاری کردیے جائیں گے۔

نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابات 2024 کی کوریج کے لیے بین الاقوامی صحافیوں کو ویزے کی درخواست دینے کے لیے آخری تاریخ 20 جنوری دی گئی تھی، تاریخ تو گزر گئی ہے لیکن اب بھی بین الاقوامی صحافی پاکستان آنے کے لیے درخواست دے رہے ہیں، بھارت سے بھی 24 کے قریب صحافیوں نے پاکستان آنے کی درخواست دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کو دی ہے، غیر ملکی میڈیا کے 174 نمائندوں نے پاکستان آنے کے لیے درخواستیں دی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ غیر ملکی مبصرین بھی پاکستان آئیں گے، برطانیہ سے 25 مبصرین نے پاکستان آنے کے لیے درخواستیں دی ہیں جبکہ روس سے 8 مبصرین پاکستان آنا چاہتے ہیں اور انہوں نے پاکستان کا ویزہ اپلائی کیا ہے، جاپان سے 13، کنیڈا کے 5، جنوبی افریقہ سے 2 مبصرین اور دولت مشترکہ کے 5 مبصرین نے بھی انتخابات 2024 کے موقع پر پاکستان آنے کی درخواست دی ہے۔

مرتضی سولنگی نے کہا کہ پاکستان کے اندر بھی بہت سارے صحافیوں کو الیکشن کی کوریج کے لیے خصوصی کارڈ جاری کیے گئے ہیں، 6065 پاکستانی صحافیوں کو کارڈ جاری کیے جاچکے ہیں، لاہور سے 1200، کراچی سے 1470، پشاور سے 1050 ، کوئٹہ سے 600، حیدرآباد سے 355، فیصل آباد سے 250 اور ملتان سے 290 صحافیوں کو الیکشن کی کوریج کے لیے خصوصی کارڈ جاری کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مبصرین اور صحافیوں کو 3 بڑے شہروں کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے لیے اجازت نامے دیے گئے ہیں، لیکن اگر کوئی صحافی ان تین شہروں کے علاوہ کسی دوسرے شہر جانا چاہتا ہے تو اس پر بھی غور کیا جارہا ہے، وزارت اطلاعات سے منسلک ادارے ان درخواستوں کو دیکھ رہے ہیں، پرائیویسی وجوحات کی بنا پر پاکستان آںے والے صحافیوں کے نام ظاہر نہیں کیے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp