کتے کی وفاداری مشہور ہے اور یہ ایک ایسا جانور ہے جو اپنے مالک کو کسی مشکل میں دیکھے اور انجان بیٹھا رہے ایسا ممکن نہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ امریکی ریاست مشی گن میں پیش آیا جہاں ایک پالتو کتے نے اپنے مالک کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
امریکی میڈٰیا کے مطابق مشی گن پولیس کے ایک افسر کیمرون بینیٹس کو ایک فون کال ریسیو ہوئی جس میں انہیں ایک 65 سالہ شخص نے بتایا کہ وہ برف پر پھسل کر اربوٹس جھیل میں گر گیا ہے۔
کیمرون بینیٹس کی گاڑی میں ریسکیو ڈسک موجود تھی لیکن برف کی صورتحال کچھ ایسی مشکل تھی کہ وہ اس شخص تک نہیں پہنچ سکتے تھے۔
اس آدمی کا کتا روبی وہیں پاس کھڑا اپنے مالک کے لیے متفکر تھا لیکن اکیلا وہ بھی کچھ کر نہیں پا رہا تھا۔ کیمرون بیبیٹس نے جھیل میں پھنسے اس شخص سے کہا کہ وہ اپنے کتے کو گاڑی کے پاس بھیجے اس پر مالک نے اپنے کتے کو پولیس افسر کے پاس جانے کو کہا اور اس نے تعمیل کی۔
کیمرون بینیٹس نے ریسکیو ڈسک کو روبی کے گلے میں ڈلے ہوئے پٹے سے جوڑ دیا اور اس کے مالک نے اسے اپنے پاس واپس بلا لیا۔
اس شخص نے وہ ریسکیو ڈسک اپنے کتے سے لے کر تھام لی اور پھر اسے پولیس افسر اور ان کے دیگر ساتھیوں نے حفاظت کے ساتھ جھیل میں پھنسے اس شخص کو باہر کھینچ لیا۔
اس شخص کو جو تقریباً 16 منٹ تک پانی میں تھا فوری اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم تھوڑی طبی امداد کے بعد اسے اسپتال سے فارغ کردیا گیا کیوں کہ اسے برف اور شدید ٹھنڈ کی وجہ سے کچھ زیادہ نقصان نہیں پہنچا تھا لیکن اگر وہ کچھ اور وقت وہیں پھنسا رہتا تو اس کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہوسکتا تھا۔
بعد ازاں مشی گن اسٹیٹ پولیس نے اس شخص سے کہا کہ داراصل حقیقی شکریہ اسے اپنے وفادار کتے کا ادا کرنا چاہیے جس کی وجہ سے رسی اس تک پہنچ سکی اور اسے بحفاظت نکال لیا گیا۔